جاریہ سال ہر امتحان داخلہ فیس میں 100 روپئے کا اضافہ
حیدرآباد ۔ 25 فبروری (سیاست نیوز) اعلیٰ تعلیمی کورسیس میں داخلہ کیلئے منعقد ہونے والے تمام داخلہ امتحانات کی فیس میں گذشتہ سال کی بہ نسبت ہر امتحان کیلئے فیس میں 100 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ مثال کے طور پر گذشتہ سال ایمسیٹ کیلئے ایس یس۔ ایس ٹی اور معذور طلبہ کیلئے فیس 400 روپئے وصول کی گئی تھی۔ اس مرتبہ 500 روپئے وصول کی جارہی ہے۔ دوسرے جنرل طلبہ سے 800 روپئے وصول کی گئی تھی جو اب بڑھ کر 900 روپئے ہوگئی ہے۔ پی جی ای سیٹ کی فیس ایس سی، ایس ٹی اور معذور طلبہ کیلئے 500 روپئے مقرر تھی جس میں 100 روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے 600 روپئے وصول کیا جارہا ہے۔ دوسرے جنرل طلبہ کی فیس 1000 روپئے کو بڑھا کر 1100 روپئے کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایڈسیٹ۔ آئی سیٹ۔ لاسیٹ۔ پی ای سیٹ۔ ای سیٹ کی فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ان چھ امتحانات کی فیس میں اضافہ سے طلبہ پر 4.50 کروڑ روپئے کا اضافی بوجھ عائد ہونے کا امکان ہے۔ گذشتہ سال ایمسیٹ انجینئرنگ کیلئے 1.74 لاکھ اگریکلچر اور فارمیسی کیلئے 96,498 درخواستیں وصول ہوئی تھی۔ اس حساب سے 100 روپئے کا اضافہ کرنے سے 2.70کروڑ کا مالی بوجھ عائد ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ آئی سیٹ کو 76 ہزار ایڈسیٹ کو 38 ہزار لاسیٹ کو 37 ہزار ای سیٹ کو 10 ہزار پی ای سیٹ کو 4 ہزار درخواستیں وصول ہوئی تھی۔ ان پانچ امتحانات اور پی جی ای سیٹ کو ملا کر 1.80 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی۔ اس سال مزید زیادہ درخواستیں وصول ہونے کے امکانات ہیں۔ اس طرح طلبہ پر جملہ 4.50 کروڑ کا اضافی مالی بوجھ عائد ہورہا ہے۔ن