گھر گھر ملاقات، ریالی میں شرکت، خواتین کے جلسہ سے خطاب
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے دوباک میں انتخابی مہم کے آخری مرحلہ میں پارٹی امیدوار سرینواس ریڈی کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے مسلسل 14 گھنٹوں تک انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے مختلف پروگراموں میں شرکت کی ۔ پارٹی امیدوار کی ریالی کے علاوہ رائے دہندوں سے گھر گھر پہنچ کر ملاقات کی گئی۔ اتم کمار ریڈی نے دوباک کے کانگریس پارٹی آفس میں خواتین کے جلسہ عام سے خطاب کیا ۔ انہوں نے انتخابی مہم کے آخری مرحلہ میں رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس و بی جے پی کی جانب سے دولت کے لالچ کا شکار ہوئے بغیر علاقہ کی ترقی کیلئے کانگریس کو ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ شکست کے خوف سے دونوں پارٹیاں انتخابی دھاندلیوں کی تیاری کرچکے ہیں۔ رائے دہندوں میں رقومات کی تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوباک میں ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کا ڈرامہ کر رہے ہیں جبکہ بی جے پی قائدین ٹی آر ایس کی کامیابی میں درپردہ تعاون کر رہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ دوباک حلقہ کی ترقی کو گزشتہ 6 برسوں میں نظر انداز کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی رکن اسمبلی رام لنگا ریڈی کی ستائش کی جارہی ہے لیکن انہیں کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا۔ دوباک کی ترقی آنجہانی متیم ریڈی کی دین ہے اور ان کے فرزند سرینواس ریڈی عوامی خدمت کے جذبہ کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں ۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کی کامیابی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ دوباک کے عوام نے ٹی آر ایس کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔