کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ حملہ بزدلانہ حرکت ۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کا رد عمل
حیدرآباد۔20فروری(سیاست نیوز) بیرسٹر اسدالدین اویسی کی دہلی قیامگاہ پر سنگباری کے سبب کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ اسدالدین اویسی جو کہ راجستھان کے دورہ پر تھے نے اس حملہ کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو گوڈسے کے ماننے والے ہیں وہی ایسا حملہ کرسکتے ہیں۔بیرسٹر اویسی نے بتایا کہ اب تک ان کے مکان پر 4مرتبہ حملہ کیا جاچکا ہے اور اس کے باوجود اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے ٹوئیٹ میںبتایا کہ ان کے مکان پر سنگباری کی انہیں رات دیر گئے اطلاع ملی جس پر انہوں نے دہلی پولیس سے شکایت کی ہے۔ دہلی پولیس کے مطابق وہ سی سی کیمروں کی جانچ کر رہے ہیں اور پتہ لگانے کی کوشش کی جار ہی ہے کہ حملہ میں کون ملوث ہیں! سابق میں ہند وسینا کارکنوں نے ان کے دہلی کے مکان پر توڑپھوڑ کی تھی جس میں 5کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا تھا۔ اسدالدین اویسی نے بتایا کہ 2014کے بعد سے اب تک دہلی کے مکان پر 4مرتبہ حملہ کیا جاچکا ہے۔ یو پی انتخابی مہم سے دہلی واپسی کے دوران اسدالدین اویسی کی کار پر سنگھیوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی تھی ۔ راجستھان میں اسدالدین اویسی نے اپنے دورہ کے دوران گاؤ رکھشکوں کی جانب سے قتل کئے گئے نوجوانوں ناصر اور جنید کے افراد خاندان سے ملاقات کرکے پرسہ دیا ۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے راجستھان سے دہلی پہنچ کر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب ناصر اور جنید کو زندہ جلایا جاسکتا ہے تو وہ کیاہیں!انہوں نے بتایا کہ جواس طرح کی حرکتیں کررہے ہیں وہ دراصل یہ جانتے ہیں کہ ان کی جماعت اقتدار میں ہے اسی لئے وہ بار بار ان کے مکان پر حملہ کے مرتکب ہورہے ہیں۔م