رجسٹریشن پر پابندی ختم کرنے رئیل اسٹیٹ تاجرین کا مطالبہ،ایچ ایم ڈی اے دفتر پر دھرنا

   

حیدرآباد : تلنگانہ میں جائیدادوں کے رجسٹریشن پر پابندی کے نتیجہ میں رئیل اسٹیٹ تاجر کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔ ریئل اسٹیٹ تاجروں کی اسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رجسٹریشن پر پابندی فوری ختم کی جائے۔ اسوسی ایشن کے ارکان نے حیدرآباد میٹروپالیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دفتر کے روبرو احتجاج منظم کیا۔ اسوسی ایشن نے ایل آر ایس اسکیم کو منسوخ کرتے ہوئے رجسٹریشن کی بحالی کی مانگ کی ہے۔ پولیس نے احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا تاہم اسوسی ایشن کے نمائندوں کو ایچ ایم ڈی اے کمشنر سے ملاقات کی اجازت دی۔ اسوسی ایشن کے صدر این پروین کارگزار صدر نرسیا اور جنرل سکریٹری وینکٹیش گوڑ نے کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے ریئل اسٹیٹ تاجروں کے مسائل سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے ریئل اسٹیٹ بحران کا شکار ہے۔ لہٰذا حکومت کو اپنے احکامات پر نظرثانی کرنی چاہئے۔ اسوسی ایشن نے الزام عائد کیا کہ ریاست بھر کے ریئل اسٹیٹ تاجروں کے مسلسل احتجاج کے باوجود حکومت کسی بھی کارروائی سے گریز کررہی ہے۔