روشن بیگ سے ایس آئی ٹی کی طویل پوچھ تاچھ

   

بنگلورو ۔ 16 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) باغی کانگریس ایم ایل اے روشن بیگ کو مبینہ آئی ایم اے فرضی اسکیم کی تحقیقات کرنے والی اسپیشل انوسٹگیشن ٹیم کی جانب سے پیر کی رات سے کئی گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کے بعد آج حراست سے چھوڑ دیا گیا ۔ روشن بیگ کو بنگلورو ایرپورٹ سے نامعلوم منزل کی طرف چارٹرڈ طیارے کے ذریعہ جانے سے عین قبل ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے حراست میں لیا تھا ۔ اب اُنھیں اس شرط پر جانے دیا گیا کہ وہ پوچھ تاچھ کیلئے 19 جولائی کو دوبارہ حاضر ہوں گے ۔ ایس آئی ٹی کے ذرائع نے بتایا کہ روشن بیگ کو 15 جولائی کو حاضر ہونے کیلئے کہا گیا تھا لیکن انھوں نے بعض مصروفیات کی وجہ بتاتے ہوئے حاضری سے معذرت چاہی اور اس کے بجائے کہا کہ وہ 25 جولائی کو دستیاب ہوں گے ۔ ایم ایل اے کو پیر کی پوری رات سوالات کے جواب دیتے ہوئے گذارنا پڑا اور انھیں آج دوپہر تقریباً 12:30 بجے چھوڑا گیا ۔ ایس آئی ٹی کے پولیس عہدیدار نے نیوز ایجنسی پی ٹی آ:ی کو بتایا کہ اُنھیں انکوارئی کیلئے تحویل میں لیا گیا تھا ۔ اب اُنھیں 19جولائی کو دوبارہ حاضر ہونے کیلئے کہا گیا ہے ۔