پیٹلہ برج ہاسپٹل کیلئے 50 لاکھ کی منظوری، ہریش راؤ نے ستائش کی
حیدرآباد۔یکم؍مارچ، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے میٹرنٹی ہاسپٹل پیٹلہ برج کی ترقی کیلئے بی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے پارلیمانی ترقیاتی فنڈ سے 50 لاکھ روپئے جاری کئے ہیں۔ سنتوش کمار کی پیدائش اسی ہاسپٹل میں ہوئی اور انہیں اس ہاسپٹل کی ترقی سے شخصی لگاؤ ہے۔ سنتوش کمار نے کہا کہ میری زندگی میں پیٹلہ برج ہاسپٹل خصوصی مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے ہاسپٹل کی ترقی کیلئے ایم پی ترقیاتی فنڈ سے مدد کرنے کا تیقن دیا تھا۔ وعدہ کے مطابق انہوں نے 50 لاکھ روپئے کا چیک وزیر صحت ٹی ہریش راؤ کے حوالے کیا۔ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سی مالتی کو یہ چیک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے تیقن کے مطابق وہ مزید 50 لاکھ روپئے آئندہ مالیاتی سال کے ترقیاتی فنڈ سے جاری کریں گے۔ سنتوش کمار نے کہا کہ وہ میٹرنٹی ہاسپٹل کی ترقی اور مریضوں کو عصری علاج کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ اس موقع پر وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ سنتوش کمار نے اپنے پیدائشی ہاسپٹل کی ترقی کیلئے جس طرح سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اسی طرح دیگر عوامی نمائندوں کو بھی سرکاری دواخانوں کی ترقی پر توجہ کرنی چاہیئے۔ ہاسپٹل کی سپرنٹنڈنٹ نے سنتوش کمار سے اظہار تشکر کیا۔ سنتوش کمار نے جن کاموں کیلئے 50 لاکھ کا فنڈ جاری کیا ہے اس میں عصری کچن، عصری لانڈری، برقی کی بلا وقفہ سربراہی کیلئے یو پی ایس سسٹم، آئی سی یو میں اضافی بستروںکی فراہمی اور دیگر سہولتیں شامل ہیں۔ کلکٹر حیدرآباد کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ترقیاتی فنڈ سے 50 لاکھ روپئے طئے شدہ کاموں پر خرچ کرنے کی خواہش کی گئی۔ر