رکن اسمبلی ونئے بھاسکر کے خلاف کمشنر سے نمائندگی،حملوں کے خلاف حکومت کو انتباہ
حیدرآباد۔/21 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کانگریس کارکنوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ کے خلاف بی آر ایس اور حکومت کو سخت انتباہ دیا اور کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا میں مصروف ریونت ریڈی نے یوتھ کانگریس لیڈر پروین پر حملے کی اطلاع ملتے ہی ہنمکنڈہ ہاسپٹل پہنچ کر عیادت کی۔ انہوں نے ڈاکٹرس کو مشورہ دیا کہ بہتر سے بہتر علاج کریں۔ ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین کے ساتھ کمشنر پولیس ورنگل سے ملاقات کی اور حملے میں ملوث کارکنوں بشمول رکن اسمبلی ونئے بھاسکر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی دباؤ کے تحت پولیس کارروائی سے گریز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ورنگل ضلع میں بی آر ایس کے غنڈہ راج میں اضافہ ہوچکا ہے۔ ورنگل ( ویسٹ ) کے رکن اسمبلی غیرسماجی عناصر کی سرپرستی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ونئے بھاسکر کے حامی گانجہ کے کاروبار میں ملوث ہیں اور لینڈ گرابنگ کے علاوہ مائننگ اور ریت کے اسکام میں ملوث ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حملوں کے ذریعہ کانگریس کارکنوں کے حوصلوں کو پست نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ورنگل کی تمام نشستوں پر کانگریس کامیاب ہوگی۔ ریونت ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس بھی کارروائی سے قاصر ہیں۔ اس طرح کے حملے بی آر ایس کے زوال کا سبب بنیں گے۔ر