اولیاء اللہ کے آستانے ہندو۔ مسلم اتحاد کے مراکز ، تلنگانہ کی ترقی کیلئے دعائیں
حیدرآباد۔یکم؍ مارچ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے حضورآباد سے 15 کیلو میٹر دور بجگیر شریف میں درگاہ حضرت انکشاف علی شاہ ؒ پر حاضری دی اور خصوصی چادر گل و غلاف پیش کیا۔ بجگیر شریف میں حضرت عظمت شاہ علی ؒ ، حضرت اکبر شاہ علیؒ اور حضرت مرتضیٰ شاہ علی ؒ کے مزارات بھی ہیں جہاں دوردراز کے علاقوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند زیارت کیلئے پہنچتے ہیں۔ حضورآباد میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا کے دوران ریونت ریڈی نے بجگیر شریف پہنچ کر حاضری دی اور خصوصی دعاء میں شرکت کی۔ اس موقع پر درگاہ کے ذمہ داروں نے ان کی دستار بندی کی اور ان کے لئے دعا ۔ اس موقع پر سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر اور سابق ایم ایل سی کونڈہ مرلی اور ضلع کے قائدین موجود تھے۔ درگاہ میں حاضری کے وقت امن عالم اور خاص طور پر تلنگانہ میں عوام کی بھلائی اور امن کیلئے دعاء کی گئی۔ ریونت ریڈی سے ملاقات کیلئے عقیدت مندوں کا ہجوم امڈ آیا اور درگاہ پر حاضری کے بعد انہیں دعائیں دی گئیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اولیاء اللہ کے آستانوں پر حاضری کے ذریعہ سکون قلب حاصل ہوتا ہے اور یہ آستانے ہندو مسلم اتحاد کے مراکز ہیں۔ر