زبانی قرآن پڑھنا

   

سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ زید کو سورہ یٰس اور سورہ مزمل زبانی یاد ہے ، جمعہ میں خطیب صاحب نے روزانہ قرآن مجید تلاوت کرنے پر زور دیا۔ اگر زید روزآنہ زبانی سورہ یٰس یا سورہ مزمل کی تلاوت کرے تو کافی ہے یا دیکھ کر پڑھنا ضروری ہوگا ؟
جواب : ہر مسلمان کو قرآن شریف کی تلاوت کا اہتمام کرنا چاہئے ۔ اگر دیکھ کر قرآن پڑھنے کا وقت نہیں اور وہ زبانی قرآن پڑھتا ہے تو کافی ہے لیکن قرآن شریف زبانی پڑھنے کے بہ نسبت دیکھ کر پڑھنا زیادہ اجر و ثواب اور فضیلت کا موجب ہے کیونکہ دیکھ کر پڑھنے میں دو طرح سے عبادت کا ہونا ثابت ہے۔ ایک تو تلاوت اور دوسرا اس کا دیکھنا ، قرآن مجید کو دیکھنا بھی ایک مستقل عبادت ہے ۔ نیز نبی اکرم ﷺنے ارشاد فرمایا۔ افضل عبادۃ امتی قراء ۃ القرآن نظرا۔ یعنی میری امت کی افضل ترین عبادت دیکھ کر قرآن مجید پڑھنا ہے۔ (فتاوی قاضیخان) عالمگیری ج : ۵ ص : ۳۱۷ کتاب الکراھۃ میں ہے۔ قراء ۃ القرآن فی المصحف اولی من القراء ۃ عن ظھر القلب۔
فقط واﷲتعالیٰ اعلم