سیلیگڑی، 10 اکتوبر (یو این آئی) آسام پولیس کی ایس آئی ٹی نے جمعہ کے روز گلوکار زوبین گرگ کے دو ذاتی سکیورٹی اہلکاروں (پی ایس او) کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ان کی شناخت نندیشور بورا اور پریش بیشیہ کے طور پر کی گئی ہے ۔ ان دونوں پی ایس اوز کے بینک کھاتوں میں ایک کروڑ روپے سے زیادہ کے لین دین پائے جانے پر انہیں منگل کے روز معطل کر دیا گیا تھا۔ موسیقار کی موت کے معاملے میں مطلوب سنگاپور میں مقیم ایک این آر آئی بھی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوا تھا۔ تقریباً ایک دہائی قبل جب ممنوعہ تنظیم ”اُلفا” کی جانب سے دھمکی ملی تھی تو آسام کے گلوکارزوبین گرگ کی حفاظت کے لیے انہی دونوں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق تحقیقات میں دونوں پی ایس اوز کے بینک کھاتوں میں مشکوک لین دین کا انکشاف ہوا۔