سردیوں میں دراندازی روکنے کیلئے مکمل حکمت عملی تیار

   

لشکرطیبہ اور دیگر دہشت گرد گروپ کو موقع کا انتظار رہتا ہے:آئی جی بی ایس ایف

جموں،10اکتوبر(یو این آئی) جموں فرنٹیئر کے انسپکٹر جنرل ششنک آنند نے جمعے کو کہا کہ بی ایس ایف نے پورے جموں سیکٹر میں سردیوں کے دوران پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کی ممکنہ دراندازی کو ناکام بنانے کیلئے مکمل تیاری کر لی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دھند اور کم روشنی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد گروہ جیسے لشکرِ طیبہ اور جیش اب دوبارہ اپنی تنظیم نو کر رہے ہیں، لیکن فورس اس کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے ۔ آنند نے کہا کہ سردیوں میں دھند زدہ حالات ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہیں۔ ہماری پوری حکمت عملی تیار ہے اور جوان ہر لمحہ چوکس رہیں گے تاکہ کسی بھی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے ۔’ انہوں نے کہا کہ دشمن بار بار سرحد پار سے دہشت گردوں کو دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے ، مگر بی ایس ایف کی مستعدی اور ہم منصب ایجنسیوں کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ کے باعث وہ اب تک ناکام رہے ہیں۔ آئی جی نے یاد دلایا کہ مئی میں آپریشن سندور کے دوران بھارتی افواج نے سرحد پار میزائل حملے کر کے لشکر طیبہ اور جیش کے بڑے کیمپ تباہ کیے اور بی ایس ایف نے متعدد دہشت گرد لانچ پیڈز کو زمین بوس کیا۔ ان کے مطابق ہمیں اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ دشمن اپنے ٹھکانوں کو تبدیل کر رہا ہے اور دوبارہ تنظیم نو کر رہا ہے ، لیکن ہم کسی بھی وقت مناسب کارروائی کیلئے تیار ہیں۔ آنند نے بتایا کہ حکومت نے بی ایس ایف کو سرحد پار سے ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کی مکمل آزادی دی ہے اور یہ پیغام جوانوں تک پہنچ چکا ہے ۔