سوریا پیٹ ضلع کے دو منڈلوں میں زلزلہ کے معمولی جھٹکے

   

حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) سوریا پیٹ ضلع کے دو منڈلوں میں آج صبح زلزلہ کے معمولی جھٹکے محسوس کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ چنتلا پالیم اور ملا چیروو منڈلوں میں آج صبح تقریباً 7:25 بجے 10 سیکنڈ تک زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ کے ساتھ ہی لوگ خوف و دہشت کے عالم میں گھروں سے باہر نکل پڑے اور اپنے بچاؤ کے اقدامات کرنے لگے۔ زلزلہ معمولی نوعیت کا تھا لیکن کافی دیر تک عوام گھروں کے باہر رہے۔ لوگوں کو اپنے رشتہ داروں کی خیر خیریت دریافت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ حکام کے مطابق زلزلہ کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق میں بھی اس علاقے میں زلزلہ کے معمولی جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ جیوگرافیکل سروے آف انڈیا نے زلزلہ کی شدت اور اس کے مرکز کا پتہ چلانے کیلئے خصوصی آلات نصب کئے ہیں۔ پولیس اور دیگر سیول حکام متاثرہ منڈلوں میں پہنچ کر عوام کو اطمینان دلارہے ہیں۔ر