این آر آئیز کے پاسپورٹ منسوخ کردئیے جائیں گے ، سٹی کمشنر پولیس کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد : /4 جنوری (سیاست نیوز) سوشیل میڈیا کے ذریعہ نفرت انگیزی پھیلانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور بیرونی ممالک میں مقیم افراد کے پاسپورٹ منسوخ کردیئے جائیں گے ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے یہ احکام ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ منعقدہ اجلاس میں جاری کیا ۔ دفتر پولیس کمشنر میں منعقدہ اجلاس کے دوران سٹی پولیس کے سربراہ نے شہر کے انسپکٹر سطح کے عہدیداروں تا ایڈیشنل کمشنر آف پولیس سطح کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا ۔ اس اجلاس میں کہا کہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ نفرت پھیلانے بالخصوص این آر آئیز اس قسم کی شرانگیزی میں ملوث ہونے پر ان کے پاسپورٹ منسوخ کردیئے جائیں گے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ سی وی آنند نے اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کہا کہ سوشیل میڈیا کو ہراساں کرنے کا ذریعہ بنایا جارہا ہے اور کئی افراد تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے کئی قابل اعتراض بیانات اور تبصرے سوشیل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں درج کردہ کیسیس کی تحقیقات میں شدت پیدا کی جائے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ غلط اور بے بنیاد خبروں کو سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کئے جائیں گے اور مقدمات کی عاجلانہ سماعت کی جائے گی ۔ پولیس کمشنر نے تمام پولیس عہدیداروں کو یہ مشورہ دیا کہ جرائم پیشہ افراد کی وقتاً فوقتاً نشاندہی کی جائے تاکہ سنگین معاملات میں ملوث ہونے سے انہیں بروقت روکا جاسکے ۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ شکایت کنندگان کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی کی جائے اس سلسلہ میں اعلیٰ عہدیداروں کے احکامات کا انتظار نہ کیا جائے۔ عوام کے ساتھ بہتر سلوک اور انہیں انصاف دلانا ہر پولیس عہدیدار کی اولین ترجیج ہونی چاہئیے ۔ دونوں شہروں میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسیس کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا بھی انہوں نے مشورہ دیا ہے ۔ ب