کراچی ۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری بیٹسمین انضمام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ ہندوستان سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کی گگلی کھیلنا بہت مشکل تھا۔ پاکستان ٹیم کے کوچ انضمام الحق نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں سچن سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ہر طرح کے بولر کا سامنا کیا ہے، میرے لیے بڑے اچھے اچھے بولروں کی گگلی سمجھنا بہت آسان ہوا کرتا تھا لیکن سچن واحد ایسے بولر رہے جن کی میں گگلی سمجھ نہیں پاتا تھا اور سچن نے مجھے کئی بار آوٹ کیا۔ انضمام الحق نے سچن کے کھیل سے متعلق تفصیلی گفتگو کے دوران ان کی خوب تعریفیں کیں، کہا کہ ایسا کوئی کھلاڑی میں نے آج تک نہیں دیکھا کہ جس نے 16 ، 17 سال کی عمر میں ایسی کرکٹ کھیلی ہو، کوئی غیر معمولی کھلاڑی ہی ا یسا کھیل کھیل سکتا ہے، اتنی چھوٹی سی عمر میں آ کر بڑے کھلاڑیوں کے سامنے ایسی بیٹنگ کرنا، بے خوف کھیلنا یہ بس سچن ٹنڈولکر ہی کر سکتے تھے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ سچن واحد کھلا ڑی ہے جو کرکٹ کے لیے ہی بنا ہے، مجھے ایسا لگتا ہے کہ سچن اورکرکٹ بنے ہی ایک دوسرے کے لیے ہیں۔ انضمام الحق نے سچن کا پہلا مقابلہ جو انہوں نے پشاور میں کھیلا تھا، اس کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سچن نے اپنے پہلے ہی مقابلے میں ہی مشتاق کو چھکے مارے توعبدالقادر نے سچن سے مذاق میں کہا کہ مشتاق چھوٹا بچہ ہے، اسے کھیلنا بڑی بات نہیں میری بولنگ کھیل کر دکھاو جس پر سچن نے اگلے ہی اوور میں قادر کو 4 چھکے مار دئیے ۔