سڑک حادثات میں تین افراد بشمول ضعیف خاتون ہلاک

   

حیدرآباد۔/25 جنوری، ( سیاست نیوز) شہر اور نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد بشمول ایک ضعیف خاتون فوت ہوگئی۔ تلک نما پولیس کے مطابق65 سالہ صفیہ بیگم جو انصاری روڈ فلک نما علاقہ کے ساکن اسمعیل خان کی بیوی کل وظیفہ حاصل کرنے کیلئے فلک نما روانہ ہوئی تھی ۔ اس دوران ایک تیز رفتار آر ٹی سی بس نے اس ضعیف خاتون کو ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں صفیہ بیگم شدید زخمی ہوگئیں جو علاج کے دوران فوت ہوگئیں۔کیسرا پولیس کے مطابق 49 سالہ پرشانت جو پیشہ سے خانگی ملازم سدی پیٹ علاقہ کا ساکن کل سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 45 سالہ وینکٹ ریڈی جو پیشہ سے بلڈنگ سوپروائزر تھا ایل بی نگر علاقہ میں رہتا تھا 19 جنوری کو آر ٹی اے آفس کے قریب سڑک عبور کررہا تھا کہ ایک موٹر سیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔