سڑک حادثات میں چار افراد ہلاک

   

حیدرآباد ۔ 3 جون (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ نامپلی پولیس کے مطابق 20 سالہ صوفیان صدیقی جو رین بازار چمن علاقہ کے ساکن لائق صدیقی کا بیٹا تھا، پیشہ سے آٹو ڈرائیور بتایا گیا ہے۔ صوفیان کل رات اپنے ساتھی سرفراز کے ہمراہ چائے نوشی کیلئے نامپلی پہنچا اور وہاں سے ٹفن کرنے کیلئے عابڈس علاقہ آرہا تھا کہ ان کی موٹرسیکل عابڈس حدود میں بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں صوفیان فوت ہوگیا۔ بالاپور پولیس کے مطابق 28 سالہ ہری اوم کمار اور 28 سالہ بٹو کمار سہانی کل رات پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ دونوں موٹرسیکل پر سہانی کے بھائی پنکج کے مکان جارہے تھے۔ ہلاک دو افراد شریف نگر بالاپور کے ساکنان بتائے گئے ہیں جو پیشہ سے کارپنٹر تھے جن کا تعلق ریاست بہار سے بتایا گیا ہے۔ ان کی موٹر سائیکل برقی کھمبے سے ٹکرانے کے سبب حادثہ پیش آیا۔ یاچارم پولیس کے مطابق 48 سالہ اے یادیا جو پیشہ سے کسان تھا، ضلع گنٹور کا متوطن بتایا گیا ہے۔ یاچارم حدود میں ایک مندر کو آیا تھا۔ 29 مئی کو مندر کے راستہ میں ایک نامعلوم گاڑی کی زد میں آ کر یادیا شدید زخمی ہوگیا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع