سڑک حادثات میں چھ افراد ہلاک

   

حیدرآباد /24 فروری ( سیاست نیوز )شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ شہر کے علاقہ کے بی آر پارک کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک طالب علم کتے کو بچانے کی فکر میں حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ تاہم اس حادثہ میں کتا اور یہ طالب علم دونوں ہلاک ہوگئے ۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 21 سالہ سائی چرن یادو جو امیرپیٹ کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ آج صبح یہ طالب علم موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ راستہ میں کے بی آر پارک کے قریب کے درمیان سڑک پر کتا آگیا اور یہ طالب علم اس کتے کو بچانے کی فکر میں تھا کہ کتا بھی زد میں آگیا اور موٹر سائیکل سوار روڈ ڈیوائڈر سے ٹکرا کر ہلاک ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 46 سالہ محمد غوث جو پیشہ سے لاری ڈرائیور تھا ۔ کرناٹک بسواکلیان کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ 18 فروری کے دن یہ شخص آوٹررنگ روڈ پر اپنی لاری کے ساتھ جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ دوسری لاری سے تصادم کے بعد غوث شدید زخمی ہوگیا ۔ جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 25 سالہ اومنگ جان جو پیشہ سے میکانک تھا ۔ کل سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں ایک کار کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ عبداللہ پور میٹ پولیس کے مطابق 25 سالہ راج کمار جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ کل یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اس کی موٹر سائیکل درخت سے ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہوگئی اور یہ شخص برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 36 سالہ سریش کمار جو پیشہ سے ڈرائیور تھا ۔ بوئن پلی علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ کل یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ لاری کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ شاہ میر پیٹ پولیس کے مطابق 66 سالہ ستاریا جو پیشہ سے مزدور تھا ۔ شاہ میر پیٹ علاقہ میں رہتا تھا ۔ 15 فروری کے دن یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں شدید زخمی شخص کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔