سڑک حادثات میں 5 افراد ہلاک

   

حیدرآباد۔ شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ چارمینار پولیس کے مطابق 35 سالہ سید ذکی عبید جو حبیب نگر علاقہ کے ساکن سید رضی سلیم کا بیٹا تھا، 12 جولائی کو پیش آئے سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا۔ پٹلہ برج علاقہ میں گاڑی حادثہ کا شکار ہوئی تھی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ سید ذکی پیشہ سے تاجر تھا۔ عنبرپیٹ کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 30 سالہ راہول ریڈی بھی ہلاک ہوگیا۔ ایل بی نگر علاقہ کا ساکن راہول ریڈی پیشہ سے چکن کی دوکان چلاتا تھا جو آج صبح ملک پیٹ سے عنبرپیٹ کی جانب جارہا تھا کہ ایک تیز رفتار آر ٹی سی بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ آر کے پورم پولیس کے مطابق 20 سالہ شخص منجو ناتھ پیشہ سے کپڑوں کا تاجر ، ابراہیم پٹنم علاقہ کا ساکن بتایا گیا، کل یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ایم این آر گارڈن کے قریب موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور یہ شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس سنتوش نگر کے مطابق 59 سالہ محمود قریشی جو شاہین نگر علاقہ کے ساکن خواجہ قریشی کا بیٹا تھا، پیشہ سے بیف شاپ چلاتا تھا۔ یہ شخص کل موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ تیز رفتار ڈی سی ایم کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ بیگم پیٹ پولیس کے مطابق 18 سالہ مہیش جو طالب علم تھا، ریجمینٹل بازار علاقہ کے ساکن یادیا کا بیٹا تھا، 17 جولائی کو یہ طالب علم آشیش نامی ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر موجود تھا۔ موٹر سائیکل حادثہ کا شکار ہونے کے سبب دونوں شدید زخمی ہوگئے تھے۔ مہیش کل رات فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔