سیب پیدوار میں بیحد اضافہ ، میوہ گاڑیوں کو قومی شاہراہ پر مشکلات

   

سری نگر : صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں امسال سیب کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ درج ہونے کی وجہ سے میوہ سے لدے ٹرکوں کو سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ وادی میں عام طور پر سیب کی پیدا وار 17 سے 18 لاکھ ٹن ہوا کرتی تھی جو امسال21 لاکھ میٹرک ٹن تھی۔موصوف صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار جمعے کو سرحدی ضلع کپوارہ کے لنگیٹ علاقے میں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘وادی میں سیب کی پیدا وار عام طور پر 17 سے 18 لاکھ ٹن ہوا کرتی تھی لیکن امسال یہ پیدا وار21 لاکھ میٹرک ٹن تھی’۔ان کا کہنا تھا: پیدا وار میں خاطر خواہ اضافہ درج ہونے کے باعث قومی شاہراہ پر سیب سے لدے ٹرکوں کو کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔