شادی کے نام پر لڑکی کے ساتھ دھوکہ ، تلگو کامیڈی اسٹار گرفتار

   

حیدرآباد : /25 اگست (سیاست نیوز) شادی کے نام پر لڑکی کو دھوکہ دینے کے الزام میں کامیڈی اسٹار کو گرفتار کرلیا گیا ۔ معروف تلگو کامیڈین زبردست کامیڈین نوا سندیپ کو مدھورا نگر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ نوا سندیپ کے خلاف ایک لڑکی نے دھوکہ دہی کی شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے تحقیقات کے بعد زبردست کامیڈین کو گرفتار کرلیا ۔ نوا سندیپ پر لڑکی نے سنگین الزامات لگائے اور پولیس کو بتایا کہ نوا سندیپ نے اس سے شادی کا وعدہ کیا تھا اور کسی اور لڑکی سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ شادی کے نام پر زبردست کامیڈین نے لڑکی سے اپنی جنسی خواہشات کی تکمیل کرلی ۔ نوا سندیپ اور شکایت گزار لڑکی کی پہچان سال 2018 ء میں ہوئی تھی فون پر بات چیت اور چیاٹنگ کے بعد نوا سندیپ نے لڑکی کو حیدرآباد منتقل کروایا ۔ لڑکی حیدرآباد میں شیخ پیٹ علاقہ کے ایک ہاسٹل میں رہتی ہے ۔ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ وہ گزشتہ 4 سال سے ہاسٹل میں رہتی ہے اور اس نے شادی کی آس میں نوا سندیپ کی ہر خواہش کو پورا کیا اور اس سے جسمانی وابستگی میں تھی اچانک دھوکہ دیتے ہوئے نوا سندیپ نے لڑکی سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور شادی کے وعدہ پر ٹال مٹول کرتا رہا ۔ ایک دن اس نے دوسری لڑکی سے شادی کے ارادہ کو بیان کردیا ۔ لڑکی نے اس کے خلاف شکایت کی تھی ۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد نوا سندیپ کو گرفتار کرلیا ۔ ع