مفتی محمد شاہ نواز عالم ازہری اور مفتی محمد عتیق الزماں قادری اور دیگر کے خطابات
حیدرآباد /8 مارچ ( پریس نوٹ ) شب برات ایک انتہائی برکت والی رات ہے جو انعامات ربانی سے لیس ہے چونکہ اللہ تعالی نے اپنے بندوں کے چند اہم معاملات میں اپنی برات کا اظہار فرمایا ہے ۔ اسی لئے اس مبارک رات کو لیل برات کے نام سے یاد کیا جاتا ہے ۔ نبی کریم ﷺ نے اس برکت والی رات کے بارے میں خبر دی ہے کہ یہ نصف شعبان میں واقع ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی محمد شاہ نواز عالم ازہری (پرتاب گڑھ) نے کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام جلسہ شب برات سے کیا جو قلی قطب شاہ اسٹیڈیم سٹی کالج میں منعقد ہوا ۔ صدارت صدر بزم جناب ایم اے مجیب ایڈوکیٹ نے کی ۔ مولانا نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اس رات پورے سال کا حال قلمبند ہوتا ہے ۔ رزق ، بیماری ، تندرستی ، فراخی ، تکلیف و راحت، یہاں تک کہ ہر وہ شخص جو اس سال پیدا ہونے والا ہے یا پھر مرنے والا ہو اس کا مقررہ وقت بھی اس شب لکھ دیا جاتا ہے ۔ مولانا نے کہا کہ آج کی رات مغفرت کی رات ہے ۔ گناہوں سے توبہ کرنے کی رات ہے ۔ مفتی محمد عتیق الزماں قادری الازہری ( یو پی ) نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں یہ رات نصیب فرمائی یہ ہماری خوش نصیبی ہے ۔ نگران جلسہ مولانا حافظ مظفر حسین خان قادری نے کہا کہ آج کی رات اللہ تعالی کی بارگاہ میں نبی کریم ﷺ کے وسیلہ سے گڑگڑا کر دعا مانگیں ۔ یقیناً اللہ رحیم و کریم ہے ۔ مولانا نے کہا کہ اس پر فتن دور میں ایمان کی حفاظت کرنا بہت ضروری ہے ۔ ایم اے مجیب صدر جلسہ نے کہا کہ دین ا سلام اللہ کا پسندیدہ دین ہے ۔ اس دین کے علاوہ سابقہ تمام اویان کو پروردگار عالم نے منسوخ فردیا ۔ اب قیامت تک دین اسلام کا سکہ چلتا رہے گا ۔ انہوں نے بزم کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ قبل ازیں جلسہ کا آغآز حافظ و قاری سید نور العلی ثانی عفان کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ سید ذیشان ، محمد ارسلان ، مولوی عظیم ، اسد اللہ شریف اور محمد شفیع نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا ۔ محمد مصطفی خان قادری نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ حافظ محمد ساجد قادری نے انتظامات انجام دئے ۔ آخر میں عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں، مسجد اقصی کے تحفظ ، عالم اسلام کے تمام مسلمانوں کی صحتیابی و مرحومین کی مغفرت کیلئے رقت انگیز دعا کی ۔