شمالی ہند میں شدید سردی کی لہر

   

ہماچل پردیش ، پنجاب اور راجستھان بُری طرح متاثر، تمام ریاستیں ٹھٹھرا دینے والی سردی سے دوچار

شملہ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شدید سردی کی لہر چند دن کے لئے کم ہونے کے بعد آج اقل ترین درجہ حرارت میں ہماچل پردیش میں تھوڑا سا اضافہ ہوا۔ محکمہ موسمیات کے بموجب برفباری کی اونچی اور اوسط درجہ کی پہاڑیوں کے علاقہ میں پیش قیاسی کی گئی ہے جن میں شملہ، منڈی، پلو، چمبا، سولن، سرمور اور قبائیلی کنور، لاہول اسپتی اضلاع شامل ہیں جہاں یکم اور 2 جنوری کو برفباری کا اندیشہ ہے۔ کیلانگ ریاست کا سرد ترین مقام ہے جہاں درجہ حرارت 5.30 بجے شام اور 8.30 بجے صبح کے درمیان پانچ درجہ سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب سردی کی لہر پنجاب اور ہریانہ میں بھی ہنوز جاری ہے۔ آدم پور 1.1 درجہ سیلسیس کے ساتھ سرد ترین مقام ہے۔ پنجاب میں دیگر اور مقامات کے علاوہ ٹھٹھرا دینے والی سردی امرتسر میں 1.3 درجہ سیلسیس ریکارڈ کی گئی جو معمول سے 2 درجہ کم ہے۔ گرداس پور اور لدھیانہ میں 2.4 درجہ سیلسیس درجہ حرارت تھا۔ پٹیالہ میں اقل ترین درجہ حرارت 4.8 معمول سے ایک درجہ کم، پٹھان کورٹ میں 4.3 معمومل سے تین درجہ کم ریکارڈ کیا گیا۔ ہریانہ میں ہسار یاست کا سرد ترین مقام تھا جس کا درجہ حرارت 1.8 رہا۔ کرنال میں بھی معمول سے تین درجہ کم یعنی 4 درجہ سیلسیس درجہ حرارت تھا۔ نارنول اور روہتک میں اقل ترین درجہ حرارت 3.1 درجہ تھا۔ امبالہ اور بھیوانی میں معمول سے کم اقل ترین درجہ حرارت 5.7 اور 5.5 درجہ سیلسیس علی الترتیب ریکارڈ کیا گیا۔ راجستھان میں سردی کی لہر سے معمولاتِ زندگی بُری طرح متاثر ہوئے۔ منفی 0.5 درجہ سیلسیس کے ساتھ ماؤنٹ آبو سرد ترین مقام تھا۔ جبکہ بھلوارا کے میدانوں میں اقل ترین درجہ حرارت دو درجہ سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ماؤنٹ آبو ایک ریگستانی مقام ہے جہاں اتوار کی رات منفی 0.5 درجہ سیلسیس کے ساتھ ٹھٹھرا دینے والی سردی محسوس کی گئی۔ راجستھان میں سیکر، پلنی، چرو، چتور گڑھ، الوار، دابوک، سری گنگا نگر اور جئے پور میں 2.5 درجہ سیلسیس اور 3.5 درجہ سیلسیس، 3.9 درجہ سیلسیس،4.4 اور 5.2، 5.4 اور 5.6 درجہ سیلسیس علی الترتیب درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ کوٹا، بیکانیر اور اجمیر میں 6 درجہ سیلسیس 6.2 اور 7.7 درجہ سیلسیس اقل ترین درجہ حرارت علی الترتیب ریکارڈ کیا گیا۔