شہر کی تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے لیے جی ایچ ایم سی کا فیصلہ

,

   

معظم جاہی مارکٹ کی تاریخی عمارت کو نقصان سے بچانے کبوتروں کو سری سیلم جنگلات میں چھوڑا گیا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے شہر میں پائی جانے والی تاریخی عمارتوں کا تحفظ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے ایک حصہ کے طور پر معظم جاہی مارکٹ کی تاریخی عمارت کی خوبصورتی کو بحال کرنے کے اقدامات سے آغاز کیا ہے اور معظم جاہی مارکٹ کی تاریخی عمارت کی خوبصورتی کو کبوتروں کی بیٹ ( غلاظت ) سے ہونے والے نقصان کو پیش نظر رکھتے ہوئے معظم جاہی مارکٹ کی تاریخی عمارت میں بسیرا کرنے والے کبوتروں کو پکڑ کر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سری سیلم کے جنگلاتی علاقوں میں چھوڑنے کے اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اب تک 500 کبوتروں کو پکڑ کر سری سیلم جنگلاتی علاقہ میں چھوڑا گیا ہے ۔ عوامی چہل پہل زیادہ رہنے والے علاقوں میں کبوتروں کے پائے جانے سے صحت پر اس کے منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ پایا جاتا ہے اور حفظان صحت کے لیے کئی مسائل پیدا ہونے کا عہدیداران گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے اظہار کیا ہے ۔

لہذا ان مسائل کو بھی پیدا ہونے سے روکنے کے لیے جی ایچ ایم سی نے معظم جاہی مارکٹ کی تاریخی عمارت پر پائے جانے والے 500 کبوتروں کو پکڑ کر ریاستی محکمہ جنگلات کے حوالہ کیے گئے اور محکمہ جنگلات نے ان کبوتروں کو سری سیلم کے جنگلاتی علاقوں میں چھوڑ دئیے ۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کی تاریخی عمارتوں کی تزئین نو کے ذریعہ سابقہ خوبصورتی کو بحال کرنے کے ایک حصہ کے طور پر دس کروڑ روپئے کے مصارف سے معظم جاہی مارکٹ کے تعمیر و مرمت اور رنگ و روغن کے کاموں کا گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے آغاز کیا ہے اور معظم جاہی مارکٹ کی تاریخی عمارت کے اوپری گنبدوں کی تزئین نو اور گھڑی کو بحال کیا گیا اور دیگر کام بھی تقریبا 70 فیصد تک مکمل ہوچکے ہیں ۔ ہر روز سینکڑوں کی تعداد میں تاریخی عمارت اور گنبدوں پر جمع ہوکر کبوتر بیٹ کرنے ( غلاظت کرنے سے ) سے خوبصورتی متاثر ہورہی ہے اور کبوتروں کی بیٹ کو ہر روز صاف کرنا ممکن نہیں ہے اور صاف نہ کرنے کی وجہ سے تزئین نو کے کام کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہے لہذا اس مسئلہ کی یکسوئی کے لیے اس عمارت پر پائے جانے والے کبوتروں کو پکڑنے کا فیصلہ کیا گیا ۔۔