شیشہ و تیشہ

   

لیڈر ؔ نرملی
بے وفا
اِک بے وفا جو پیار کے وعدہ سے پھرگیا
خوابوں کا محل میرا کھڑے قد سے گِرگیا
تاریخ ہے گواہ ، سچے عاشقوں کے ساتھ
جس نے کیا فراڈ ، بلاؤں میں گِھر گیا
…………………………
فرید سحرؔ
اچھی غزل …!!
کیوں کہوں اچھی غزل میں دوستو
سُننے والے ہیں کہاں اب صاحبو
فکر مُستقبل کی کچھ اپنے کرو
وقت ضائع مت کرو تُم عاشقو
سچ کا دامن ہر گھڑی تھامے رہو
جُھوٹ سے لوگوں کو روکو لائرو
دم ہے گر تو سامنے آ کر لڑو
وار پیچھے سے نہ کرنا بُز دلو
کُچھ سنبھل کر بات آہستہ کہو
ورنہ ہم سمجھیں گے کیسے خُنخُنو
میں تُمہارے باپ کا بھائی نہیں
کیوں چچا کہتے ہو مجھ کو غافلو
جُھوٹ ہی میں کٹ رہی ہے زندگی
فکر عُقبی کی کرو کُچھ لیڈرو
قتل تُم بھی ایک دن ہو جاؤ گے
پھینک دو خنجر کو اپنے قاتلو
بچ نہ پائے ایک بھی مجرم یہاں
فیصلے ایسے کرو اب منصفو
داد یوں ہی ہے کہاں ملتی سحر
شعر کُچھ اچھے کہو تُم شاعرو
…………………………
سوشل میڈیا پر دو رُخی …!
٭ سوشل میڈیا (فیس بک ، واٹس اپ ، ٹویٹر) پر جب کوئی لڑکی اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرتی ہے تو کس طرح اُسے جواب ملتا ہے ، اور جب کوئی لڑکا اپنا اسٹیٹس اپ ڈیٹ کرتا ہے تو کیا حال ہوتا ہے !؟۔
لڑکی نے فیس بک پر اسٹیٹس اپ ڈیٹ کیا ’’آج میں نے نیا لیپ ٹاپ لیا ہے ‘‘۔
لائیکس 75 ، کمنٹس 23،اور کمنٹس کچھ اِس طرح تھے 1 . وائو کیا بات ہے یار ، 2 . پِھر تو دعوت پکی ، 3 . انجوئے کرو یار ، 4 . مبارکاں جی مبارکاں ، 5 . ٹریٹ دو یار۔
لڑکے نے فیس بک اسٹیٹس اپ ڈیٹ کیا ’’آج میں نے نیا لیپ ٹاپ لیا ہے‘‘۔
لائیکس 2 ، کمنٹ 1
اور کمنٹ کچھ اِس طرح تھا
ابے تیری شکل ہے لیپ ٹاپ لینے والی!
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
حقیر چیز…!
٭ ایک مرتبہ تیمورلنگ نے ایک ملک پر چڑھائی کی اور فتح پائی ۔ شکست خوردہ حکمران کو تیمور کی خدمت میں پیش کیا گیا ۔ اتفاق سے وہ حکمران ایک آنکھ سے کانا تھا ۔ جب اس نے تیمور کو دیکھ کر قہقہ لگایا تو تیمور کو اس کی بدتمیزی پر بہت غصہ آیا اور تیمور نے اس سے ہنسنے کی وجہ پوچھی … ؟
اُس نے کہا : ’’میں اس بات پر ہنس رہا ہوں کہ خدا کے نزدیک بادشاہت کس قدر حقیر چیز ہے کہ اس پر تجھ جیسے لنگڑے اور مجھ جیسے کانے شخص نے قبضہ کر رکھا ہے ‘‘ ۔
نظیر سہروردی ۔ راجیونگر
…………………………
خاموشی سے آجاؤ…!
٭ شوہر اپنی بیوی کی روز روز کی لڑائی سے تنگ آکر اپنا سامان کپڑے سوٹ کیس میں رکھکر باہر نکل رہا تھا کہ بیوی نے گرجداری آواز میں کہا : کہاں جارہے ہو تم …! شادی کے بعد سے آج تک مری اجازت کے بغیر گھر سے باہر قدم رکھنے کی ہمت نہیں ہوئی ، خاموشی سے اندر آجاؤ …!!
سالم جابری ۔ آرمور
…………………………
رانگ سائیڈ کون …؟
٭ ایک صاحب کی بیوی کار چلانا سیکھنے کے بعد پہلی بار شہر میں کار لے کر نکلی ۔ تھوڑی دیر بعد شوہر نے ٹیلیفون کرکے اُسے بتایا کہ ابھی ابھی ٹی وی پر خبر آئی ہیکہ ایک عورت نیکلس روڈ پر گاڑی رانگ سائیڈ چلاتے ہوئے جارہی ہے جس کی وجہ سے کافی ایکسیڈنٹ ہورہے ہیں اس لئے تم اُس طرف مت جاؤ تو بیوی بولی ۔ میں نیکلس روڈ پر ہی ہوں لیکن یہاں پر بہت سارے لوگ سامنے سے رانگ سائیڈ گاڑی چلاتے ہوئے آرہے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک درہم برہم ہورہی ہے …!!
مظہر قادری ۔ حیدرآباد
…………………………