شیشہ و تیشہ

   

ڈاکٹر عزیز فیصل
مزاحیہ غزل
ناصر کاظمی کی غزل کے مصرع ثانی پر
گرہ سازی
دم بشیراں کا بھر نہ جائے کہیں
’’تو بھی دل سے اتر نہ جائے کہیں‘‘
آج آنا ہے اس کو میکے سے
’’آج کا دن گزر نہ جائے کہیں‘‘
اس کو بانٹا نہ کر رقیبوں میں
’’حسن تیرا بکھر نہ جائے کہیں‘‘
ساس آئے ہمارے باس کے گھر
’’اور پھر عمر بھر نہ جائے کہیں‘‘
لکھ کے دیتا ہوں لڑکیوں کو کلام
’’رائیگاں یہ ہنر نہ جائے کہیں‘‘
کر لو کوزے میں بند تم فیصلؔ
’’پھر یہ دریا اتر نہ جائے کہیں‘‘
……………………………
ڈپلیکیٹ…!
شوہر : میں روز روز کی گھر کی جھک جھک سے تنگ آکے زہر خریدکر کھالینا چاہ رہا ہوں ۔
بیوی : آپ ہر وقت ڈپلیکیٹ (نقلی ) چیزاں خریدکے لاتے جس سے پیسہ بھی جاتا اور کام بھی نہیں ہوتا میں خرید کے لاکے دیتی ہوں …!!
مظہر قادری۔ حیدرآباد
…………………………
قابل رحم …!
ایک غائب دماغ پروفیسر نے کوئی بات یاد رکھنے کیلئے اپنی اُنگلی کے گرد ایک دھاگہ باندھ لیا۔ رات کے کھانے کے بعد ان کی نظر دھاگے پر پڑی مگر انتہائی کوشش کے باوجود اُنہیں وہ بات یاد نہ آئی ، جس کیلئے انہوں نے وہ دھاگہ اپنی انگلی میں لپیٹا تھا ۔
وہ یہ بات سوچتے رہے ، سوچتے رہے اور صبح 5 بجے اچانک اُنہیں یاد آیا کے انہوں نے دھاگہ اِس لیے باندھا تھا کے وہ رات کو جلدی سونا چاہتے تھے ۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
کوئی بھروسہ نہیں !
٭ ایک عورت اپنی سہیلی سے : آج میرے شوہر کہہ رہے تھے کہ اگلے سات جنم تک مجھے ہی وہ اپنی بیوی بنانا چاہتے ہیں ‘‘۔
سہیلی : ’’میں پوچھتی ہوں کہ آٹھویں اور اُس کے آگے کے جنم کے لئے کیوں نہیں ؟ لگتا ہے آگے کے جنم کے لئے انھوں نے ضرور کوئی لڑکی ڈھونڈ رکھی ہوگی ، ان مردوں کا کوئی بھروسہ نہیں ! ‘‘
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ نظام آباد
………………………
خوشحال زندگی ؟
ایک دوست ( دوسرے سے ) : ہماری شادی ہوکر 50 سال ہوئے ہیں اور ہم خوشحال شادی شدہ زندگی بسر کررہے ہیں ۔
دوسرا دوست : ایسا تو بہت کم ہوتا ہے ، اس کی وجہ کیا ہے؟
پہلا دوست : ہم ہر ہفتہ میں دو دن کسی رومانٹک جگہ پر بغرض تفریح جاتے ہیں ، میں ہر منگل جاتا ہوں اور بیوی ہر جمعرات !
شعیب علی فیصل ۔ رامیا باؤلی ، محبوب نگر
………………………
کونسی پارٹی !؟
٭ پریس رپورٹر نے ایک آدمی سے پوچھا : ’’جناب میں آپ کو ایک ہفتہ سے مختلف پارٹیوں کی تقریبات میں دیکھ رہا ہوں ۔ کل آپ ایک پارٹی کے اجلاس میں تھے ، پرسوں آپ اُس کی مخالف پارٹی میں تھے ۔ اس طرح آپ کو سات مختلف سیاسی تقریبات میں دیکھ چکا ہوں ۔ کیا آپ بتانا پسند کریں گے کہ آخر آپ کاتعلق کونسی پارٹی سے ہے؟
اُس شخص نے مسکراتے ہوئے جواب دیا : ’’جی میرا تعلق ٹی پارٹی سے ہے !‘‘
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پدا پلی
………………………
فرض کرو !
٭ شوہر نے بیوی سے کہا :
’’فرض کرو کہ سونا دو ہزار روپیہ تولہ ، گیہوں دو روپیہ کیلو ، 3 کمروں کا فلیٹ ایک ہزار روپئے ، بچوں کی پڑھائی مفت اور موٹر کار صرف 25 ہزار روپئے ۔
’’کہاں ؟ ‘‘بیوی نے خوشی سے پوچھا
کہیں بھی نہیں ، لیکن فر ض کرنے میں کیا برائی ہے … شوہر نے جواب دیا !
محمد منیرالدین الیاس ۔ مہدی پٹنم
…………………………