شیشہ و تیشہ

   

انورؔ مسعود
بیچ اِس مسئلے کے !
جو ہے اوروں کی وہی رائے ہماری بھی ہے
ایک ہو رائے سبھی کی یہ کچھ آسان نہیں
لوگ کہتے ہیں فرشتہ ہیں جنابِ واعظ
ہم بھی کہتے تو یہی ہیں کہ وہ انسان نہیں
……………………………
ڈاکٹر معین امر بمبوؔ
اچھا تھا!
تکبر نے ڈبویا اور قیامت تک میں رسوا ہوں
خدا کے حکم پر سجدے میں سردیتا تو اچھا تھا
اب انساں کے گناہوں سے مجھے خود شرم آتی ہے
میں آدمؑ کو اُسی دن سجدہ کردیتا تو اچھا تھا
………………………………
شبنمؔ کارواری
ہزل
نہ پڑھائی میں دل لگا ہم سے
اک یہی تو ہوا بُرا ہم سے
تین سو پینسٹھ دن ہوئے ضائع
پورا اک سال یہ گیا ہم سے
نہ تھے سنجیدہ ہم پڑھائی میں
ہوگئی اک بڑی خطا ہم سے
ہر کوئی بے رخی سے پیش آیا
جس کو دیکھو وہ ہے خفا ہم سے
ہم عبادت سے بھی رہے غافل
نہ تو مانگی گئی دعا ہم سے
بڑا چسکہ تھا کھیل کا ہم کو
بدلہ کھیلوں نے لے لیا ہم سے
ہم سے شبنمؔ ہے شکایت سب کو
ہر کسی کو ہے اب گِلہ ہم سے
………………………………
مرچ مصالحہ …!!
٭ خود کو موبائل میں اتنا مشغول نہ رکھو کہ سامنے سے کوئی خوبصورت لڑکی گزر جائے اور تمہیں پتہ بھی نہ چلے کہ کتنی حسین تھی ۔
٭ بائیک چلاتے ہوئے یہ کبھی نہ سمجھو کہ یہ جہاز ہے بلکہ یہ سمجھو کہ یہ راکٹ ہے ۔
٭ تعلیم ہر کسی کا حق ہے سو زیادہ پڑھ کر کسی کا حق نہ مارو ۔
٭ کوشش کرو کہ اپنے ہم عمر سے بدزبانی مت کرو بلکہ ڈائریکٹ اس کا سر ہی پھاڑ دو
٭ یہ سنہری باتیں صرف اپنے تک نہ رکھو بلکہ سب کو بتاؤ شاید آپ کی وجہ سے کسی کی لائف بن جائے۔
ابوبکر بن محمد۔چندرائن گٹہ
…………………………
کون چاہتا ہے ؟
٭ ایک پروفیسر صاحب شادی شدہ زندگی پر تقریر کررہے تھے ۔ دوران تقریر پروفیسر نے سوال کیا : ’’کون چاہتا ہے کہ اُس کی بیوی چالاک ہوجائے ؟‘‘
سب بیٹھے رہے صرف ایک صاحب کھڑے ہوئے ۔
پروفیسر صاحب نے پوچھا : کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی بیوی چالاک ہوجائے ؟
وہ صاحب مایوسی سے : چالاک …؟ نہیں ! نہیں !! میں سمجھا ’’ہلاک ‘‘ ہوجائے !!
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پدا پلی ، کریمنگر
…………………………
ہمارے لیڈر ؟
٭ ایک مزدور لیڈر نے جلسئہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
’’مجھے محنت و مشقت بہت پسند ہے اسی لئے میں گاؤں کی سخت دھوپ میں درختوں کی چھاؤں میں بیٹھ کر کسانوں کو محنت و مشقت کرتے ہوئے دیکھ کر خوش ہوتا ہوں‘‘۔
ابن القمرین ۔ شاہ علی بنڈہ
……………………………
مریض اور ڈاکٹر …!!
٭ ڈاکٹر سے مریض نے کہا : ’’ڈاکٹر صاحب ! آج کل ہر چیز مجھے دو دو دکھائی دے رہے ہیں ۔ یہ جو ٹیوب لائیٹ ہے ، دو دکھائی دے رہی ہے ۔آپ بھی دو دکھائی دے رہے ہیں ‘‘۔
ڈاکٹر نے مریض کا حال سُن کرکہا: ’’آپ چاروں کو یہ شکایت کب سے ہے …؟‘‘
سید اعجاز احمد۔ ورنگل
………………………
اور کیا …
٭ ایک طالب علم انٹرویو دینے گیا ۔ انٹرویو لینے والے نے اس سے پوچھا ہندی ، مراٹھی ، انگریزی بولنا جانتے ہو ؟
طالب علم نے کہا ’’ ہاں ‘‘
بہت خوب پھر تو تم جھوٹ بولنا بھی جانتے ہوں گے انٹرویو لینے والے نے پوچھا
طالب علم نے برجستہ جواب دیا ’’ پھر اب تک میں اور کیا کہہ رہا تھا ‘‘ ۔
سید جلیل الرحمن ، سید سمیع الرحمن ۔ گلبرگہ
…………………………