شیشہ و تیشہ

   

یاور علی محورؔ
مطلق العنانی…!
دھن کی دولت کی فراوانی ہے
کوئی راجا ہے کوئی رانی ہے
نام جمہوریت کا ہے لیکن
ہرجگہ مطلق العنانی ہے
…………………………
حسن قادری
بیگم نامہ…!
تنخواہ ساری بیگم کے ہاتھوں تھمادیتا ہوں
جو جو خرچ کیا سچ سچ بتا دیتا ہوں
جب کبھی بیگم کا پارہ حد سے زیادہ گرم ہو
سب سے پہلے جو تیاں اس کی چھپا دیتا ہوں
…………………………
ساری رسمیں ہیں دنیا کو دکھانے کیلئے ورنہ
کون رو تا ہے حسنؔ بیگم کی موت پر
…………………………
معصومیت …!!
ایک دیہاتی ماں : بیٹے طوطا اُڑ گیا۔
معصوم لڑکا : کمال ہے اماں! آج جب میں نے اس کا پنجرہ کھولا تو وہ پنجرے میں تھا!!
…………………………
ہوائی قلعے!
٭ دو دیہاتی آپس میں لڑ رہے تھے ۔ لوگ جمع ہوگئے اتنے میں پولیس کانسٹیبل بھی آگیا ۔ اس نے سوچا موقع بہت اچھا ہے صبح سے کوئی ہفتہ وصول نہیں ہوا ۔ دونوں دیہاتیوں کو ڈانٹتے ہوئے الگ کیا ۔
پولیس : بتاؤ تم دونوں کیوں لڑ رہے ہو ؟
( دونوں ایک ساتھ بول اُٹھے ) : صاحب ! یہ میرے کھیت میں جانور چھوڑنے والا ہے۔ نہیں صاحب یہ میرے جانور کی ٹانگیں توڑنے والا ہے ۔
پولیس : یہ بتاؤ تمہارے جانور اور کھیت کہاں ہیں؟
دیہاتی : صاحب ! ابھی خریدنا ہے ۔
پولیس : بے وقوفو ! روپیہ نکالو نہیں تو اندر کردو گا ۔
دیہاتی : صاحب ! ہم غریب مزدور ہیں لاٹری نکلنے کے بعد کھیت اور جانور خریدنا ہے۔
پولیس : (غصہ سے ) ارے ! لاٹری ٹکٹ نکالو!
دونوں دیہاتی ایک ساتھ بول اُٹھے : صاحب ! وہ بھی ابھی خریدنا ہے !!!
ڈاکٹر فوزیہ چودھری ۔ بنگلور
…………………………
’’وائرس…!!‘‘
٭ ڈاکٹر نے دماغی پرابلم کی وجہ سے مریض کی میموری واش کردی اور پوچھا ’’کچھ یاد آرہا ہے ؟ ‘‘
مریض : صرف بیوی کا نام ۔
ڈاکٹر ہنس کر : ’’سب کچھ فارمیٹ ہوگیا مگر وائرس نہیں گیا‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
اتنا فرق…!!
٭ برصغیر کی ایک محترمہ جنھیں میک اپ کا بہت شوق تھا ہندوستان تشریف لائیں ۔ بدقسمتی سے وہ جب بن ٹھن کے کہیں جارہی تھی اچانک طبیعت ناساز ہوگئی اور انھیں فوراً ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا۔
ڈاکٹر صاحب سے انھوں نے کہا کہ دو تین روز سے حرارت اور جسم میں درد تھا لیکن آج اچانک بڑھ گیا۔ ڈاکٹر صاحب نے معائنہ کرنے کے بعد اُن کا وزن دیکھا اور دوائیں دیکر رخصت کردیا۔
چار دن بعد موصوفہ پھر ڈاکٹر کے پاس آئیں اور کہا کہ : ڈاکٹر صاحب دوا سے کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا ۔
ڈاکٹر صاحب نے کہا : ٹھیک ہے ، میں دوا بدل دیتا ہوں ۔ آپ ایک بار پھر اپنا وزن کرائیں۔ ڈاکٹر صاحب نے جیسے ہی وزن کیا اُن کی آنکھیں حیرت سے پھٹی کی پھٹی رہ گئی ارے یہ کیا ایک دم آپ کا وزن 5 کیلو کم ہوگیا ! پچھلی بار آپ کا وزن 65 کیلوگرام تھا ۔
اس پر موصوفہ نے شرماتے ہوئے کہا : ڈاکٹر صاحب ! گزشتہ وقت میں میک آپ کرکے آئی تھی …!!
او۔ آر۔ علوی ۔ سعیدآباد
………………………
غریب آدمی !
٭ ایک صاحب رات کے وقت سنسان سڑک پر چہل قدمی کررہے تھے کہ اچانک ایک شخص راستے میں آکر ٹھہرگیا اور کہنے لگا : ’’صاحب ! میں بہت غریب آدمی ہوں ۔
وہ صاحب کہنے لگے تم کہنا کیا چاہتے ہو ؟
صاحب جی ! مختصر یہ ہے کہ آپ کے یہاں روپیہ پیسہ ،گھڑی ، انگوٹھی جو بھی ہے اس غریب کو عنایت فرمائیے ۔ دیکھئے میرے پاس اس بھری ہوی پستول کے سوا کچھ نہیں ہے ؟
سمیع الرحمن ، شکیلہ ، لبنیٰ۔ گلبرگہ شریف
…………………………