شیشہ و تیشہ

   

انور مسعود
ترکی بہ ترکی
اپنی زوجہ سے کہا اِک مولوی نے نیک بخت
تیری تْربت پہ لکھیں تحریر کس مفہوم کی
اہلیہ بولی عبارت سب سے موزوں ہے یہی
دفن ہے بیوہ یہاں پر مولوی مرحوم کی
………………………………
طالب خوندمیری
مزاحیہ غزل
گھر میں کبھی جو مالِ غنیمت اُتاریئے
سب سے بچا کے آنکھ بہ عجلت اُتاریئے
دستر پہ مُرغ و ماہی زیادہ سہی ، مگر
اپنے شکم میں حسب ضرورت اُتاریئے
آئینہ جانتا ہے حقیقت حضور کی
میک اپ کے بعد اپنی نظر مت اُتاریئے
شاید مری گھڑی ہے ، کلائی پہ آپ کی
ہوگی ذرا سی آپ کو زحمت، اُتاریئے
جتنے ستم ہیں آپ کے ، وہ سب کے سب معاف
اب مسکرا بھی دیجئے ، خفت اُتاریئے
دل میں وفورِ جذبۂ خدمت بجا، مگر
سر سے کلاہِ خبط قیادت اُتاریئے
باتیں اگر ضمیر کی سننے کا شوق ہے
کانوں سے اپنے ثقلِ سماعت اُتاریئے
اس دورِ تند و تلخ میں اپنے کلام سے
طالبؔ دلوں میں شہدِ ظرافت اُتاریئے
…………………………
پیاسا…!
٭ ایک اخباری اطلاع کے مطابق لاک ڈاؤن میں کئی کروڑوں روپیوں کی شراب ایک دن میں فروخت ہوگئی!
ہم سمجھ رہے تھے کہ دیش بھوکا ہے…!!
لیکن حقیقت یہ ہے کہ دیش پیاسا ہے…!!
سہیل شاہ ۔محبوب نگر
…………………………
Stay@ Home
٭ گھر میں بیٹھے آج بہت بور ہو رہاتھا۔ اچانک سبزی والے کی آواز سن کر باہر آیا اور اس سے کہا کہ بھائی تم تھوڑی دیر آرام کرو میںٹھیلا لے کر محلے کا چکر لگا آتا ہوں‘‘۔
وہ بڑی معصومیت سے بولا کہ میں توپچھلی گلی میں رہتا ہوں، سبزی والا تومیرے گھر بیٹھا ہے…!!
ابن القمرین ۔ مکتھل
…………………………
کیا بیماری ہے ؟
ڈاکٹر ( مریض سے ) بتاؤ کیا بیماری ہے تمہیں ؟ مریض : آپ ڈاکٹر ہیں یہ آپ کا کام ہے کہ میرے بتائے بغیر آپ میرا مرض پہچان لیں۔ ڈاکٹر : اچھا اب سمجھ گیا ۔ وہ سامنے کے دواخانہ پر جاؤ وہاں کے ڈاکٹر کے سامنے مریض کو کچھ کہنے کی ضرورت نہیں رہتی ۔
مریض : وہ کون ڈاکٹر ہے ؟
ڈاکٹر : وہ حیوانات کے ڈاکٹر ہیں …!!
شعیب علی فیصل ۔ رامیا باؤلی ، محبوب نگر
…………………………
اتنا سناٹا کیوں ہے بھائی …!
٭ ایک شخص دفتر سے شام میں گھر لوٹا تو گھر میں سناٹا چھایا ہوا تھا ۔ اُس کی بیوی خلاف توقع خاموش تھی ورنہ وہ کسی نہ کسی بات پر جھگڑا کرتی رہتی تھی ۔ وہ شخص وہاں کھیل رہے اپنے چھوٹے بیٹے سے پوچھا: ’’کیا بات ہے بیٹا! تمہاری ممی آج خلاف توقع خاموش ہے ‘‘۔
بیٹا : ’’میری غلطی کی وجہ سے ‘‘
باپ : کیا مطلب ؟
بیٹا : ’’صبح جب اسکول جانے کو نکلا تو ممی نے ڈائیننگ ٹیبل پر رکھی ہوئی لپ اسٹک (Lip Stick) دینے کو کہا میں اسکول جانے کی گڑبڑ میں وہاں رکھی ہوئی فیوی اسٹک (Fevi Stick) دیدی ۔
ڈاکٹر گوپال کوہیرکر ۔ نظام آباد
…………………………
ویسے ہی …!
٭ شوہر کے بازار سے مہنگے آلو ، پیاز اور ٹماٹر لانے کے بعد بیوی نے فرمائش کی کہ بیوٹی کریم اور کاجل بھی لاؤ تومہنگائی سے پہلے ہی پریشان شوہر نے کہا :
’’بس اب رہنے بھی دو ، میں بغیر اس کے نیچرل ہی چلا لوں گا …!‘‘۔
امجد علی ۔ حیدرآباد
…………………………
شریف بندہ !
٭ ایک صاحب (دوست سے ): ایک شریف بندے کو اور کیا چاہئے ایک بیوی جو پیار دے ، ایک بیوی جو اچھا کھانا بنائے ، ایک بیوی جو اُس کی خدمت کرے ، ایک بیوی جو فضول خرچ نہ ہو اور یہ چار بیویاں مل جُل کر رہیں۔
محمد امتیاز علی نصرتؔ ۔ پداپلی ، کریمنگر
…………………………