عازمین حج کے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی کی ہدایت

   

پاسپورٹ دفاتر کو وزارت خارجہ کے احکامات
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزارت خارجہ نے ملک کے تمام پاسپورٹ دفاتر اور عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ حج 2022 کے عازمین کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کرتے ہوئے پاسپورٹ کی اجرائی عمل میں لائی جائے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا محمد یعقوب شیخ نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ سرکولر روانہ کیا ہے۔ سرکولر میں حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے عازمین کیلئے پاسپورٹ کی عاجلانہ اجرائی کے سلسلہ میں کی گئی نمائندگی کا حوالہ دیا گیا۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ 31 جنوری تک درخواستوں کے ادخال کی مہلت ہے اور عازمین کو درخواستوں کے ادخال کے وقت 31 جنوری 2022 سے قبل جاری کردہ اور کم از کم 31 ڈسمبر 20222 تک مہلت کا پاسپورٹ پیش کرنا ضروری ہے۔ ملک کے تمام پاسپورٹ دفاتر کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ عازمین حج کی درخواستوں کا پولیس ویریفکیشن اور دیگر ضروریات کی عاجلانہ تکمیل کریں۔ عازمین حج کی جانب سے لمحہ آخر میں درخواستوں کیلئے بڑی تعداد کا امکان ہے لہذا تمام پاسپورٹ دفاتر سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ نوڈل آفیسرس کا تقرر کریں اور عازمین حج کی سہولت کیلئے خصوصی کاؤنٹرس کے ساتھ ساتھ اپوائینٹمنٹ سلاٹ منظورکریں گے۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ عازمین حج کی درخواستوں اور شکایات کی عاجلانہ یکسوئی کی جائے۔ اسی دوران تلنگانہ میں حج 2022 کیلئے درخواستوں کے ادخال کا عمل جاری ہے۔ ابھی تک حج کمیٹی آف انڈیا نے 300 کور نمبرس الاٹ کئے ہیں جن کے تحت عازمین کی تعداد تقریباً 1200 ہوسکتی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے درخواستوں کے آن لائن ادخال کیلئے خصوصی کاونٹرس قائم کئے ہیں۔ر