علم انسان کے درجات کی بلندی کا ذریعہ ،جہالت کا خاتمہ

   

اسلامیہ ہائی اسکول میں جلسہ تعلیم بیداری و تقسیم نوٹ بکس ، ڈی ای او کا خطاب
حیدرآباد29؍ اگسٹ (راست) ڈپٹی ایجوکیشنل آفسر سکندرآباد مسٹر چرنجیوی نے اسلامیہ ہائی اسکول فار بوائز ،مونڈا مارکٹ، میں جلسہ تعلیم بیداری اور تقسیم نوٹ بکس سے خطاب میں کہا کہ طلبہ وقت کی قدر کریں، حصول تعلیم سے دنیا میں باعزت و باوقار رہیں گے، علم سے جہالت کا خاتمہ ہوتا ہے جتنے افراد آج دنیا میں ترقی کئے سب کا راز یہی ھیکہ وہ محنت و مشقت سے تعلیم حاصل کرتے ۔ تعلیم کے ساتھ اساتذہ کا ادب و احترام بھی ضروری ہے۔ طلبہ کو چاہئے کہ تمام وقت حصول تعلیم میں لگائیں فضول کاموں سے بچیں، تعلیم چھوڑ کر دیگر مصروفیات میں نہ رہیں،ایسے ہی طالب علم کامیاب و کامران ہوتے ہیں اور ترقی کرتے ہیں، آج چندرائن 3کی کامیابی کی ساری دنیا میں تعریف ہورہی ہے یہ صرف اس لئے ممکن ہوا کہ وہ لوگ محنت و مشقت سے سائنس داں بنے ۔صدارت جناب محمد صابر پاشاہ پرنسپل نے کی اور کہا کہ ہر وقت حصول تعلیم کی فکر ہونی چاہئے ۔ فضولیات کو چھوڑ کر تعلیم کی طرف توجہ کریں ، طالب علمی کے زمانے کو غنیمت جانیں کیونکہ یہ وقت پھر نہیں مل سکتا ،انسان اسکول کے اوقات میں جو سیکھ سکتا ہے اگر اسکو سیکھ لے تو اسکی کامیابی لازمی ہے اگر اس وقت کو گنوا دے تو پھر بعد میں پچھتاوے اور افسوس کے سوا اسکے ہاتھ کچھ نہیں آئیگا۔ ڈاکٹر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری اسکول اسسٹنٹ اردو نے کہا کہ علم کا حاصل کرنا سب کیلئے ضروری ہے، دنیا میں علم کی اہمیت و افادیت ہے، علم سے جہالت کا خاتمہ ہوتا ہے،دنیا و آخرت میں ترقی اور بلند مرتبہ پر فائز ہونے کا سبب ہے۔ اس موقع پر ششم تا دہم کے طلبہ کو جناب چرنجیوی کے ہاتھوں مفت کاپیاں تقسیم کی گئیں اور انہیں تہنیت پیش کی گئی۔