علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اقلیتی ادارہ نہیں،چیف منسٹر یوگی کا دعویٰ

,

   

دلتوں اور پچھڑے طبقات کو ریزرویشن ملنا چاہئے،اپوزیشن پارٹیوں کے رویہ پر تنقید
علی گڑھ: 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ریزرویشن معاملے پر کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) اقلیتی ادارہ نہیں ہے ایسے میں وہاں دلتوں اور پسماندہ طبقات کو ریزرویشن دیا جانا چاہئے ۔یوگی نے آج یہاں بوتھ سطح پر پارٹی کارکنوں کی میٹنگ میں سماجوادی پارٹی(ایس پی) و بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) اور کانگریس کو اس معاملے میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو ہر سال مرکز سے کروڑوں روپئے کا تعاون لیتا ہے اس وجہ سے اسے اقلیتی ادارہ نہیں مانا جاسکتا ہے ۔یوگی نے اپوزیشن کو سوالوں کے گھیرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ جب دوسرے اداروں سے ریزرویشن مل سکتا ہے تو اے ایم یو میں ایسا کیوں نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں سماج کو ذات اور طبقے کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن جب لوگوں کے حقوق کی بات آتی ہے تو وہ خاموش ہوجاتی ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ اترپردیش میں بی جے پی کی حکومت بننے سے قبل ہر دن فساد ہوتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔ انہوں اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جو غنڈے فسادات کراتے تھے وہ دوسرے کام میں مشغول ہیں۔یوگی نے بوتھ سطح کے پارٹی انچارجوں سے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو عبور کررہا ہے اور دنیا کا سب سے طاقت ور ملک بننے کی جانب رواں دواں ہے ۔ ملک کو سب سے طاقتور بنانے کیلئے ہمیں ایک بار پھر سے مودی کو مرکز کی اقتدار پر فائز کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مودی کی حکومت نے غریبوں کے لئے بجلی کنکشن، گھر اور رسوئی گیس سلنڈر دینے سمیت مفاد عامہ کی کئی اسکیموں کی شروعات کی ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ آنے والے عام انتخابا ت میں بی جے پی کی کامیابی ‘‘ میرا بوتھ سب سے مضبوط’’ کے فارمولے پر ہی منحصر ہے ۔