عوامی مسائل کی یکسوئی میں حکومت یکسر ناکام

   

ضلع نرمل کے موضع اندرویلی میں 9 اگسٹ کو دلت قبائلی ڈنڈورا پروگرام ، بڑے پیمانے پر تیاریاں

نرمل : ساجد خان سینئر کانگریسی قائد ضلع عادل آباد کی اطلاع کے بموجب 9 اگسٹ کو کانگریس پارٹی کے زیراہتمام قبائیلی علاقہ اندرویلی میں دلت اور قبائیلی ڈنڈورا کے انعقاد کے سلسلہ میں انتظامات بہت تیزی سے جاری ہیں ۔ اس ماہ کی 9 تاریخ کو عالمی قبائیلی دن کے پیش نظر دلت اور قبائیلی ڈنڈورا کا اہتمام بڑے پیمانہ پرکیا جارہا ہے جس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ریونت ریڈی شرکت کررہے ہیں ۔ انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کانگریس رکن اسمبلی سیتا اکا نے سینئر کانگریسی قائدین کے ہمراہ اس علاقہ کا دورہ کیا اور انتظامات کاجائزہ لیا۔ اس موقع پر سیتا اکا نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس وعدوں سے منحرف ہوگئی ہے ۔ بالخصوص دلتوں ، کمزور طبقات اور قبائیلی عوام کے مسائل کی یکسوئی میں یکسر ناکام ہوگئی ہے۔ ریاست کی تاریخ میں کبھی ایسی بیروزگاری دیکھنے میں نہیں آئی ۔ ہر انتخابی وعدے سے انحراف کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کو قرض کے دلدل میں ڈالدیا ۔اس موقع پر ساجد خان نے کہاکہ ریاستی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے ۔ عوام اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے بے تحاشہ اضافہ سے غریب ایک وقت کے کھانے سے محروم رہا ہے ۔ کن کن چیزوں کا ذکر کیا جائے ، تمام ترقیاتی کام اشیائے ضروریہ ، بیروزگاری سے ریاست تلنگانہ کا حال عوام دیکھ رہے ہیں اور ریاست میں کانگریس کی کی واپسی کے منتظر ہیں ۔ اب وہ دن دور نہیں جب ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے تلنگانہ میں برسراقتدار آئیگی ۔ ساجد خان نے اس پیش قیاسی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد ریاست تلنگانہ کی ریاست کا پس منظر تبدیل ہونے جارہا ہے ۔ شہروں کے علاوہ دیہی علاقوں کی عوام بھی حکومت کی پالیسیوں سے بیزار ہوچکے ہیں ۔ واضح رہے کہ ساجد خان 9 تاریخ کے پروگرام کی تیاری میں اپنے حامیوں اور پارٹی قائدین کے ساتھ شب و روز مصروف ہے اور بہت بڑے پیمانے پر پروگرام کاانعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔