غیر قانونی گٹکھا تیار کرنے والا ریاکٹ بے نقاب

   

حیدرآباد۔/25 جون، ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے غیر قانونی طور پر ممنوعہ گٹکھا تیار کرنے والے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا اور گٹکھا کی تیاری کے اس یونٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ پولیس نے مختلف برانڈکے نام سے تیار کئے جارہے گٹکھے و دیگر سامان کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 26 لاکھ بتائی گئی ہے۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چنا گولکنڈہ کے علاقہ ناگارم میں دھاوا کیا اور تین افراد 25 سالہ مشرف الدین عرف سید یونس ساکن انصاری روڈ، 21 سالہ ہری اور 25 سالہ منوج بکرما کو گرفتار کرلیا۔ مشرف الدین اس علاقہ میں مکان کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر گٹکھا تیار کررہا تھا اور ذخیرہ اندوزی کررہا تھا۔ پولیس نے اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا۔