کے ٹی آر اور اروند کمار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی اجازت طلبی، 44 کروڑ کی بے قاعدگی کا الزام
حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس دور حکومت میں فارمولہ ای ریسنگ کے انعقاد میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانچ کرنے والی اینٹی کرپشن بیورو نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ حکومت کو پیش کردی ہے۔ رپورٹ میں حکومت سے ملزمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے فارمولہ ای ریسنگ کی جانچ کے سلسلہ میں سابق وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کو 2 مرتبہ جبکہ آئی اے ایس عہدیدار اروند کمار کو 3 مرتبہ طلب کرکے پوچھ تاچھ کی تھی۔ حکومت سے اجازت کے بعد اینٹی کرپشن بیورو چارج شیٹ داخل کریگا۔ فارمولہ ای ریسنگ میں بے قعدگی پر 18 ڈسمبر 2024ء کو اے سی بی نے مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمہ میں کے ٹی آر کو A1، آئی اے ایس عہدیدار اروند کمار A2 اور ایچ ایم ڈی اے کے چیف انجینئر بی ایل ایل ریڈی کو A3 کے طور پر ماخوذ کیا گیا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے فارمولہ ای ریسنگ میں کسی بھی بے قاعدگی کی تردید کی اور سیاسی انتقام کیلئے مقدمہ درج کرنے کا الزام عائد کیا ۔ اینٹی کرپشن بیورو نے تقریباً 9 ماہ تک تحقیقات کرکے حکومت کو رپورٹ پیش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کو رپورٹ حوالہ کی گئی اور حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی چارج شیٹ داخل کی جائے گی۔ فارمولہ ای ریسنگ میں محکمہ فینانس کی منظوری کے بغیر 44 کروڑ روپئے بیرونی کمپنیوں کو ادا کرنے کا الزام ہے۔1