فاکس کان کے سربراہ ینگ لوئی کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات

   

تلنگانہ میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری، ایک لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع، صنعتوں کیلئے سازگار ماحول
حیدرآباد2۔مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے حصول میں آج کے سی آر حکومت کو اس وقت اہم کامیابی ملی جب فاکس کان (Foxconn) نے بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جس کے تحت تقریباً ایک لاکھ افراد کو روزگار حاصل ہوگا۔ فاکس کان کمپنی کئی الیکٹرانک پراڈکٹس تیار کرتی ہے اور مختلف برانڈ کے تحت پراڈکٹس تیار کئے جاتے ہیں۔ فاکس کان صدرنشین ینگ لیو نے آج چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر حکومت و فاکس کان کمپنی نمائندوں کے درمیان یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے ۔ وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے ٹوئیٹر پر فاکس کان کمپنی کی سرمایہ کاری کا اعلان کرکے کہا کہ تلنگانہ کے ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ تلنگانہ حکومت نے کمپنی کیلئے شہر کے مضافاتی علاقہ میں 250 ایکر اراضی کی نشاندہی کی ہے۔ کمپنی ہندوستان میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتی ہے اور سری پیرمبدور میں آئی فون فیکٹری کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔ پرگتی بھون میں ملاقات کے موقع پر وزراء کے ٹی راما راؤ ، سبیتا اندرا ریڈی ، ہریش راؤ ، چیف سکریٹری شانتی کماری ، ڈی جی پی انجنی کمار اور دیگر موجود تھے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ینگ لیو کو ان کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی تیار کردہ گریٹنگ کارڈ حوالے کیا۔ بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت رکھنے والی ہان ہائی فاکس کان ادارہ کے صدرنشین ینگ لوئی نے چیف منسٹر سے بات چیت کے دوران تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی طاہر کی۔ انہوں نے تلنگانہ میں صنعتوں کے فروغ کیلئے حکومت سے سازگار ماحول کی ستائش کی۔ چیف منسٹر نے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ صنعتوں کے قیام کے ذریعہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نئے قائم ہونے والے اداروں نے مقامی نوجوانوں کو روزگار یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ینگ لوئی نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے ان کی کمپنی نے تلنگانہ کا انتخاب کافی غور و خوض کے بعد کیا ہے ۔ تلنگانہ میں صنعتوں کے لئے سازگار ماحول کی ستائش کرتے ہوئے ینگ لوئی نے صنعتی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات کی ستائش کی۔ آئی ٹی ، الیکٹرانکس اور اس سے مربوط شعبہ جات میں بین الاقوامی اداروں کے قیام پر مسرت کا اظہار کیا۔ ر