فرقہ پرستوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لئے حق رائے دہی کا استعمال ضروری: حیات حسین حبیب

   

حیدرآباد۔ 24اپریل(راست)بی آر ایس پارٹی کے چھاونی نادی علی بیگ ڈویثرن پریسڈنٹ جناب حیات حسین حبیب نے ایک صحافی بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تلنگانہ بلکہ ہندوستان بھر کے رائے دہندوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ جو آئین با باصاحب امبیڈکر نے ہمیں دیا ہے اس کی حفاظت کے لئے کمربستہ ہوجائیں۔ ملک میں چاروں طرف افرتفری جیسا جو ماحول پید ا کردیاگیا ہے اس کو دور کرنے کے لئے بڑی تعداد میں اپنے گھروں سے نکل کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ ووٹ ایک ذمہ داری ہے جس سے کنارہ کشی اختیارکرنا گویا فرقہ پرست طاقتوں کو تقویت پہنچانے کے مساوی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے دس سالوں میں علاقائی جماعتوں کے وجود کو ختم کرنے کی بھرپور کوششیں کی گئیں اور بی جے پی نے این ڈی اے میں شامل سیاسی پارٹیوں کو بھی آگے بڑھنے نہیں دیا۔ اپوزیشن لیڈران کے خلاف مقدمات درج کرنا‘ ای ڈی‘ سی بی آئی‘ انکم ٹیکس اور دیگر ایجنسیوں کے استعمال کے ذریعہ اپوزیشن کی آواز کو دبانے کاکام مسلسل دس سالوں سے کیاجارہا ہے۔ حیات حسین حبیب نے کہاکہ اگر اپوزیشن کی آواز کو ہی دبادیاگیا تو پھر عوام کی نمائندگی کرنے والا کون باقی رہے گا۔ لڑائی جھگڑوں کے بغیر گاندھیائی طریقے سے کوئی بھی جدوجہد کامیاب ہوسکتی ہے۔ عوام الناس سے درد مندانہ اپیل ہے کہ اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال ضرور کریں۔