حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : سنسنی خیز فون ٹیاپنگ کیس میں حکومت تلنگانہ ، سابق چیف منسٹر و بی آر ایس صدر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے فرزند ، بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور سابق وزیر کے ٹی راما راؤ کو نوٹسیس جاری کرنے کے لیے گراونڈ تیار کررہی ہے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے فون ٹیاپنگ کیس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ جو اس کیس میں ملوث ہیں وہ جیل جائیں گے ۔ کے ٹی راما راؤ نے تبصرہ کیا تھا کہ اگر کوئی فون ٹیاپنگ ہوئی ہو تو وہ غلط سرگرمیوں میں سرگرم چند لوگوں تک محدود انداز میں ہوئی ہوگی ۔ اس کے علاوہ اسے پولیس کی جانب سے ان کے کام کے سلسلہ میں کیا گیا ۔ اس پر ردعمل میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ’ بعض لوگ بے شرمی سے یہ اعتراف کررہے ہیں کہ وہ ان کے دور حکومت کے دوران بعض فونس کو ٹیپ کیا ہے اور اس سے ان کا گھمنڈ ظاہر ہوتا ہے ‘ ۔۔