فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے خصوصی مہم

   

9،10اور 11 جنوری کو بوتھ واری سطح پر انتظامات، بلدیہ کمشنر کا بیان
حیدرآباد۔/4 جنوری، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں فہرست رائے دہندگان کی تیاری و ترمیم کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ نئے ناموں کی شمولیت پتہ اور مقامات کی تبدیلی کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ یہ بات کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر دانا کشور نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں نئے ناموں کی شمولیت کیلئے جنوری کی 9 ، 10 اور11تاریخ کو تمام پولنگ اسٹیشنوں پر بوتھ سطح کا عہدیدار دستیاب رہے گا۔ جبکہ یہ مرحلہ مزید تین دن 23تا25 جنوری بھی جاری رہے گا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر و کمشنر بلدیہ مسٹر دانا کشور نے آج اس سلسلہ میں عہدیداروں کا خصوصی اجلاس طلب کیا۔ اس موقع پر انہوںنے کہا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق جنوری کی 19اور 20 تاریخ کو خصوصی مہم چلائی جائے گی جبکہ اس سلسلہ میں مزید مذکورہ 6 دن خصوصی تشہیری مہم مقرر کی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے مطابق ان خصوصی 6 دنوں کے دوران بوتھ سطح کے عہدیدار شام 6 تا7 بجے تک ہر پولنگ اسٹیشن پر دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے 84وارڈز کے وارڈز دفاتر میں اعتراضات کے حصول اور نئے ناموں کے اندراج کیلئے عہدیداروں کو دستیاب رکھا جائے گا۔ انہوں نے یکم جنوری 2019 تک 18 سال عمر کی تکمیل کرنے والے شہریوں کو فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کو شامل کروانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر وارڈ میں ایک کمپیوٹر آپریٹر انٹر نیٹ سہولیات کے ساتھ 8 جنوری سے 25جنوری تک دستیاب رہے گا۔ تاہم انہوں نے اس بات کا بھی خلاصہ کردیا کہ اس دوران ایک فرد یا شہری کی جانب سے ایک سے زائد درخواست کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ کمشنر بلدیہ نے کہا کہ18 سال عمر والے افراد کو فہرست رائے دہندگان میں شامل کرنے کیلئے ہر ڈگری وانجینئرنگ کالجس میں 9 جنوری کو ای آر اوز کے ذریعہ شعوربیداری مہم چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ شہر کے شاپنگ مالس پرخصوصی ڈراپ باکس لگائے جائیں گے جو 10 جنوری تا 20 جنوری موجود رہیں گے۔