لندن : سیزن کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن کی تیاریوں کیلئے 8 مرتبہ کے سابق چمپئین راجرر فیڈرر نے متنازعہ طورپر فرنچ اوپن سے دستبرداری اختیار کی تھی ۔ تاہم فیڈرر کے اس فیصلہ کو 7 مرتبہ کے سابق چمپئین میاٹس ویلنڈر نے ایک دانشمندانہ فیصلہ قرار دیا ۔ فیڈرر کے فرنچ اوپن میں 3 مقابلوں میں کامیابی کے باوجود اچانک چوتھے مقابلے سے قبل ٹورنمنٹ سے دستبردار ہونے کو انہوں نے ایک بہتر فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ فیڈرر ومبلڈن سے قبل عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ کے خلاف ممکنہ شکست سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے یہ فیصلہ لیا ہے ۔ 39 سالہ فیڈرر میں ہنوز گرانڈ سلام حاصل کرنے کا جنون باقی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے رواں ماہ کے اواخر شروع ہونے والے ومبلڈن سے قبل اپنی تیاریوں کو صحیح سمت گامزن کرنے کیلئے فرنچ اوپن سے اچانک دستبرداری کا فیصلہ کیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ اہمیت کا حامل ہے کہ فیڈرر نے فرنچ اوپن کے تیسرے مقابلے میں ڈومینک کوفیر کو شکست دینے کے بعد چوتھے مرحلے کے مقابلہ میں مارٹیو بیراتینی سے مقابلہ کرنے سے قبل ٹورنمنٹ سے دستبرداری اختیار کی ۔ عالمی نمبر 8 فیڈرر چوتھے مرحلہ میں اپنے حریف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ کوارٹر فائنل میں ممکنہ طور پر ان کا مقابلہ جوکووچ سے ہوتا اور یہاں وہ عالمی نمبر ایک کھلاڑی کے خلاف شکست سے خود کو محفوظ رکھتے ہوئے ومبلڈن کی صحیح تیاری کا آغاز کیا ہے ۔ ولاینڈر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فرنچ اوپن میں متواتر تین مقابلوں میں شاندار مظاہرہ کرنے کے بعد فیڈرر کا اچانک متنازعہ فیصلہ ومبلڈن کی تیاری ہے کیونکہ وہ اپنے گھٹنے کے دو آپریشن اور تقریباً 20 ماہ بعد ٹینس میدان میں واپسی کررہے تھے اور ان حالات میں کوارٹر فائنل میں ہی جوکوچ کا سامنا کرتے ہوئے وہ شکست برداشت نہیں کرنا چاہتے جس نہ صرف ان کا اعتماد متزلزل ہوتا بلکہ ومبلڈن کی تیاری بھی متاثر ہوتی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈرر نے فرنچ اوپن میں خطاب حاصل کرنے کی غرض سے شرکت نہیں کی بلکہ وہ اپنے کھیل کا ابتدائی چند مقابلوں میں جائزہ لینے کے خواہاں دکھائی دیئے اور جس طرح انہوں نے دوسرے مرحلہ میں بھی سابق فائنلسٹ مارن سیلیک کو شکست دینے کے علاوہ تیسرے مرحلہ کے مقابلہ میں بھی کامیابی حاصل کی وہ دراصل ان کی ومبلڈن کی تیاری کا ایک حصہ تھا ۔ یاد رہے فیڈرر نے گھٹنے کے آپریشن کے بعد تقریباً 20 ماہ آرام کرنے کے بعد رواں سیزن ٹینس میں واپسی کی جہاں انہوں نے فرنچ اوپن سے قبل دیگر دو ٹورنمنٹس میں شرکت کی جس میں ایک مرتبہ تو انہیں پہلے ہی مرحلہ میں شکست برداشت کرنی پڑی لیکن فرنچ اوپن میں فیڈرر کے مظاہرے شاندار رہے اور اس کے بعد ومبلڈن میں ان کے نویں خطاب پر نظریں مرکوز ہیں ۔ فرنچ اوپن میں جس طرح فیڈرر کا فٹ ورک اور بیک ہینڈ اسٹروکس طاقتور دکھائی دیئے اس سے ومبلڈن کے دعویداروں میں ان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے ۔