قران

   

بےشک صفا اور مروہ اللہ کی نشانیوں میں سے ہیں پس جو حج کرے اس گھر کا یا عمرہ کرے تو کچھ حرج نہیں اسے کہ چکر لگائے ان دونوں کے درمیان اور جو کوئی خوشی سے نیکی کرے تو اللہ تعالیٰ بڑا قدر دان خوب جاننے والا ہے۔ (سورۃ البقرہ : ۱۵۸) 
شَعَائِرجمع ہے شعیرۃ کی اس کا معنی علامت ہے۔ احناف کے نزدیک صفا ومروہ کے درمیان دوڑنا حج وعمرہ میں واجب ہے اور اس تعبیر کی وجہ یہ ہے کہ زمانہ جاہلیت میں صفا پر اساف اور مروہ پر نائلہ کے بت نصب تھے۔ اسلام لانے کے بعد مسلمانوں کو اس جگہ سعی کرنا ناگوار گزرا جہاں پہلے بت رکھے ہوئے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔ تمہیں تو حضرت ہاجرہ کی پیروی میں دوڑنا ہے۔ تمہیں مناسب نہیں کہ تم بتوں کی وجہ سے اسمٰعیل علیہ السلام کی والدہ مکرمہ کی سنت کو ترک کردو۔ مسلمانوں کے دل میں جو نفرت تھی اس کو اس حکیمانہ انداز سے دور فرما دیا یعنی کوئی حرج نہیں ۔ بےشک صفا ومروہ میں دوڑ لگا لیا کرو۔ اور اس کا واجب ہونا حدیث پاک سے ثابت ہوا۔