قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقاریب کی تیاریاں مکمل

   

صبح 10.30 بجے چیف منسٹر قومی پرچم لہرائیں گے، چیف سکریٹری سومیش کمار نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔12۔اگست (سیاست نیوز) تاریخی گولکنڈہ قلعہ میں یوم آزادی تقاریب کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ آج گولکنڈہ قلعہ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ حکومت کی جانب سے شایان شان طور پر یوم آزادی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ صبح 10.30 بجے قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے ۔ اس موقع پر ایک ہزار فنکار خیرمقدمی پروگرام پیش کریں گے۔ مختلف محکمہ جات کی جانب سے یوم آزادی تقاریب کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ چیف سکریٹری نے اہم شخصیتوں کی آمد اور روانگی تک کے تمام انتظامات کا ریہرسل کیا اور پولیس کو ٹریفک مسائل سے نمٹنے کیلئے انتظامات کی ہدایت دی۔ یوم آزادی تقاریب کے سلسلہ میں ٹریفک تحدیدات عائد کی جائیں گی۔ عہدیداروں نے انتظامات کی تفصیلات سے چیف سکریٹری کو واقف کرایا۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری انرجی سنیل شرما ، اسپیشل چیف سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جیشن رنجن ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل جتیندر ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل انٹلیجنس انیل کمار ، سکریٹری جی اے ڈی شیشادری ، سکریٹری آر اینڈ بی سرینواس راجو ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند، کلکٹر حیدرآباد اموئے کمار ، ڈائرکٹر ایجوکیشن دیوا سینا ، مینجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی سجنار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ر