لندن میں غلط فہمی کی بنیاد پر گرفتار نوجوان کی رہائی کیلئے نمائندگی

   

حکومت ہند فوری حرکت میں آکر برطانیہ کی حکومت کو توجہ دلانے پر زور

حیدرآباد۔3۔اپریل(سیاست نیوز) حکومت ہند بالخصوص وزارت خارجہ فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے برطانیہ میں غلط فہمی کی بنیاد پر حراست میں لئے گئے 23سالہ حیدرآبادی نوجوان کی رہائی کے لئے حکومت برطانیہ کو متوجہ کروائے ۔ پرانے شہر کے علاقہ بہادر پورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کے والد عبدالقادرنے مرکزی حکومت کو روانہ کردہ مکتوب میں بتایا کہ ان کے فرزند ماسٹرس کے لئے برطانیہ روانہ ہوئے تھے اور چند ماہ سے برطانیہ میں ہیں لیکن کسی غلط فہمی کے سبب انہیں گذشتہ دنوں پولیس کی جانب سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کانسٹبلری پولیس اسٹیشن کو ایک لڑکی کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت کی بنیاد پر حیدرآبادی نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے کیونکہ حیدرآبادی نوجوان نے سڑک پر لڑکی سے کچھ دریافت کرنے کی کوشش کی تھی لیکن لڑکی نے اسے غیر اخلاقی تصور کرتے ہوئے پولیس میں شکایت کردی جس کے نتیجہ میں پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ محروس نوجوان کے والد عبدالقادر نے بتایا کہ ان کا لڑکا چند ماہ قبل برطانیہ روانہ ہواتھا جہاں نئے پن کے سبب شائد وہ پتہ جاننے کی کوشش کر رہا تھا لیکن غلط فہمی کے نتیجہ میں لڑکے کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکے کی گرفتاری کے سلسلہ میں انہیں لڑکے کے دوستوں نے رابطہ کرتے ہوئے واقف کروایا ہے اور کہا کہ انہیں پولیس نے اس سلسلہ میں مطلع کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کانسٹبلری پولیس نے کہا ہے کہ نوجوان کو حراست میں لیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں ان کے پاس شکایت موجود ہے اور وہ معاملہ کی جامع تحقیقات کے بعد ہی نوجوان کے خلاف مقدمہ چلانے یا اسے رہا کرنے کے سلسلہ میں فیصلہ کریں گے۔3