ضلع کلکٹرس کو چیف سکریٹری شانتی کماری کی ہدایت، آنکھوں کی روشنی اسکیم پر کامیاب عمل آوری اور ہریتا ہارم اسکیم کیلئے ایکشن پلان
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ مختلف اسکیمات کے بارے میں حکومت نے جو نشانے مقرر کئے ہیں ان کی تکمیل کی جائے۔ چیف سکریٹری نے اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ انہوں نے ریاستی سطح پر جاری آنکھوں کی روشنی پروگرام، شہری علاقوں میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر، حکومت کے جی او 58، 59 اور 76 کے تحت باقاعدہ بنانے کی مہم، اضلاع میں آئیل پام کی پیداوار جیسے امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت نے عوام کی آنکھوں کے تحفظ کیلئے بڑے پیمانے پر ’’ کنٹی ویلگو ‘‘ پروگرام شروع کیا ہے۔ ضلع کلکٹرس کو چاہیئے کہ اس پروگرام کے مقرر کردہ نشانہ کی تکمیل پر توجہ دیں۔ ریاست بھر میں اس مہم کے تحت 25 ایام کار میں 51.86 لاکھ افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا۔ 9 لاکھ افراد میں ریڈنگ گلاسیس تقسیم کی گئیں۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے ریاست بھر میں پروگرام پر کامیاب عمل آوری کیلئے ضلع کلکٹرس کی ستائش کی۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ وہ آنکھوں کے معائنہ کے بعد عینکوں کی تقسیم پر توجہ دیں۔ ضلع کلکٹرس اور اعلیٰ عہدیدار معائنہ کیمپس کا دورہ کرتے ہوئے جائزہ لیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ عوام کو پروگرام سے استفادہ کیلئے راغب کریں اور شعور بیداری مہم چلائی جائے۔ تلنگانہ میں ہریتا ہارم پروگرام کے تحت 2023-24 میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے چیف سکریٹری نے کہا کہ پودوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کئے جائیں اور بروقت پانی سیراب کیا جائے۔ انہوں نے آئیل پام کی پیداوار پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ ضلع کلکٹرس کو چاہیئے کہ وہ سرکاری اسکیمات کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ جی او 58 پر عمل آوری کیلئے بنیادی سطح پر سروے مکمل کیا جائے اور حقیقی مستحق افراد میں اراضی پٹہ جات کی تقسیم عمل میں لائی جائے۔ جی او 58، 59 اور 76 کے تحت پٹہ جات کی تقسیم کا کام مارچ کے ختم تک مکمل کرلیا جائے۔ ریاست میں غریبوں کو اراضی پٹہ جات کی تقسیم کے سلسلہ میں مقامی عوامی نمائندوں سے تعاون حاصل کیا جائے اور ان کے ہاتھوں پٹہ جات کے کاغذات حوالے کئے جائیں۔ ویڈیو کانفرنس میں اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار، پرنسپل سکریٹری ریوینیو نوین متل، سکریٹری اگریکلچر رگھونندن راؤ، سکریٹری قبائیلی بہبود کرسٹینا چونگٹو، سکریٹری آر اینڈ بی سرینواس راجو، سکریٹری فینانس سری دیوی، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، کمشنر بلدی نظم و نسق ستیہ نارائنا، کمشنر میڈیکل اینڈ ہیلت شویتا موہنتی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر