مانسون سیشن سے قبل لوک سبھا اسپیکر نے کل جماعتی اجلاس میں لیڈروں کو بدلے ہوئے قوانین سے آگاہ کیا

   

نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ہفتہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں سترہویں لوک سبھا کے نویں اجلاس کے آغاز سے پہلے لوک سبھا میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں تمام لیڈروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ سیشن 18 جولائی 2022 سے شروع ہو رہا ہے اور 12 اگست 2022 کو ختم ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیڈول کے مطابق اجلاس میں 18 نشستیں ہوں گی اور کل 108 گھنٹے کا وقت ہوگا جس میں سے تقریباً 62 گھنٹے سرکاری کام کے لیے دستیاب ہوں گے انہوں نے کہا کہ بقیہ وقت وقفہ سوالات، زیرو آور اور پرائیویٹ ممبران کے کام کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ سرکاری کام کے علاوہ فوری عوامی اہمیت کے معاملات پر بات چیت کے لیے ضرورت کے مطابق مناسب وقت دیا جائے گا برلا نے یہ بھی بتایا کہ زیرو آور کے دوران اٹھائی جانی والی معلومات جمع کرانے کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب ارکان کسی بھی خاص دن صبح 9 بجے سے صبح 8 بجے تک اپنے نوٹس دے سکتے ہیں جس پر وہ ایوان میں اپنا معاملہ زیرو آور کے دوران اٹھانا چاہتے ہیں۔ پیر یا ہفتے کے پہلے کام کے دن کے نوٹس جمعہ کو صبح 8:00 بجے یا پچھلے ہفتے کے آخری کام کے دن اور پیر کو صبح 8:00 بجے یا اس ہفتے کے پہلے کام کے دن کے درمیان دیے جا سکتے ہیں۔