محض ایک پلنگ کیلئے لالچی دولہے نے نکاح سے انکار کردیا

   

تقریب نکاح میں آمد سے گریز ۔ رشتہ داروں کی بھی بے شرمی ۔ پرانے شہر میںافسوسناک واقعہ

حیدرآباد /20 فروری ( سیاست نیوز ) جہیز کی لعنت کے خلاف چاہے کتنے ہی بیانات دئے جائیںیا کوئی بھی تحریک چلائی جائے لیکن جہیز کے لالچی درندے آج بھی سماج میں منہ اٹھائے گھوم رہے ہیں اور انہیںاس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ ان کی ادنی سے لالچ کی وجہ سے کسی لڑکی کے ارمانوں کا خون ہو رہا ہے اورکسی غریب باپ کی عزت داؤ پر لگ رہی ہے ۔ پرانے شہر میں پیش آئے ایک واقعہ میںجہیز کے لالچی بھیڑیوں نے محض ایک پلنگ کے ناقص ہونے کا بہانہ کرتے ہوئے شادی کرنے سے انکار کردیا ۔ شادی سے قبل تمام رسومات دھڑلے سے ادا کی گئیں لیکن شادی میں پہونچنے سے انکار کردیا گیا ۔ ایک پلنگ کیلئے بے شرمی کی انتہاء کرتے ہوئے ایک غریب باپ کو جو اپنی لاڈلی بیٹی کی براء ت کا منتظر تھا تہی دامان لوٹا دیا گیا ۔ یہ واقعہ پرانے شہر کے چندرائن گٹہ پولیس حدود میں پیش آیا ۔ ایک شخص نے اپنی لڑکی کا نکاح مولا علی کے رہنے والے ایک نوجوان سے طئے کیا تھا ۔ شادی سے قبل کی تمام رسومات ادا کی گئیں۔ حد تو یہ ہے کہ سانچق بھی کی گئی ۔ دوسرے دن جب نکاح تھا دولہن کے والد نے تمام تر تیاریاں خوشی خوشی پوری کیں۔ نکاح کا وقت ہوگیا ۔ مہمانوں کی آمد ہوگئی ۔ قاضی صاحب بھی نکاح کیلئے پہونچ گئے لیکن بے شرم دولہا اور اس کے رشتہ دار غائب رہے ۔ وہ شادی کیلئے نہیںپہونچے ۔ انہوں نے بے حسی کی انتہاء کرتے ہوئے دولہن کے والد یا رشتہ داروں کو اپنے نہ آنے کی کوئی خبر تک نہیں دی ۔ جب دولہے کا انتظار طویل ہوگیا اور فون پر بھی کوئی اطلاع نہیں دی گئی تو دولہن کے والد بیچارے دولہا کے گھر پہونچے ۔ وہاںکسی شرمندگی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے انتہائی ڈھیٹ اور بے شرمانہ انداز میںشادی سے انکار کردیا گیا اور دولہن کے والد کو ہی کھری کھوٹی سنائی گئی ۔دولہن کے والد بے شارے اس امید میں سب کچھ سہتے رہے کہ ان کی لاڈلی کی ڈولی اٹھے گی ۔ تاہم دولہے یا اسکے رشتہ داروں نے کسی انسانیت کا مظاہرہ کئے بغیر اپنے بے شرمانہ رویہ پر ڈٹے رہے اور نکاح سے انکار کردیا گیا ۔ اس بات کی پرواہ بھی نہیں کی گئی کہ نکاح سے عین قبل انکار کا لڑکی پر کیا اثر ہوگا اور دولہن کے والد نے کس طرح سے شادی کے تمام انتظامات کئے ہونگے ۔ دولہے اور اسکے والدین کی بے شرمی اور ڈھیٹ پن کے بعد دولہن کے والد نے پولیس میںشکایت درج کروائی پولیس تحقیقات کر رہی ہے ۔ ع