مخالف بی جے پی محاذ تیار کرنے میں کے سی آر ناکام: ڈاکٹر نارائنا

   

سیکولر اور ہم خیال جماعتیں متحد نہیں ہوں گی تو جمہوریت خطرہ میں پڑ جائے گی
حیدرآباد /18 اپریل، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ مخالف بی جے پی محاذ تیار کرنے میں بی آر ایس سربراہ و چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کامیاب ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں۔ بی جے پی کی مرکزی حکومت کے خلاف کے سی آر کی جدوجہد ٹھیک ہے وہ اپنی جگہ ہے لیکن چیف منسٹر کو تلنگانہ کے عوام سے جو وعدے کئے گئے ہیں اسے پورا کرنے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ کے سی آر نے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی ہے، عوام نے ان پر بھروسہ کیا ہے۔ اب ان وعدوں کو پورا کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اگر کے سی آر اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوتے ہیں تو بی جے پی اس کا فائدہ اٹھائے گی۔ بی جے پی سے مقابلہ صرف کے سی آر تنہا نہیں کرسکتے۔ تمام سیکولر اور ہم خیال جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے ملک بھر میں زمینی سطح سے تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔ ماضی میں علی بابا 40 چور کا خوب تذکرہ ہوتا تھا اب ملک میں مودی بابا 30 چوروں کا ذکر ہوتا ہے، جس میں 29 چوروں کا تعلق گجرات سے ہے۔ بی جے پی مذہبی جذبات بھڑکاکر سیاسی فائدہ اٹھا رہی ہے۔ ملک کے مفادات کو مودی حکومت نے نظرانداز کردیا ہے صرف اپنے کارپوریٹ دوستوں کو فائدہ پہنچارہے ہیں۔ اگر سیکولر و ہم خیال جماعتیں متحد نہیں ہوتی ہیں تو ملک کی جمہوریت خطرہ میں پڑ جائے گی۔ن