مختلف وجوہات پر تین خواتین کی خودکشی

   

حیدرآباد 19 اپریل (سیاست نیوز) شوہر کی ہراسانی، مزید جہیز کا مطالبہ اور گھریلو تنازعات سے تنگ آکر تین خواتین نے خودکشی کرلی۔ یہ تین علیحدہ واقعات مشیرآباد اور گولکنڈہ پولیس حدود میں پیش آئے۔ مشیرآباد پولیس کے مطابق 26 سالہ ششی لیلا جو گاندھی نگر علاقہ کے ساکن برہما چاری کی بیوی تھی، اس خاتون کو شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی جانب سے ہراسانی کا سامنا تھا۔ شادی کے وقت 50 ہزار روپئے نقد اور طلائی زیورات اور سامان دینے کے بعد بھی اس خاتون کو ہراساں کیا جارہا تھا جس پر والدین نے بیٹی کو راحت کے لئے مزید ایک لاکھ روپئے حالیہ دنوں میں دیئے تھے۔ باوجود اس کے خاتون کو ہراسانی کم نہ ہوئی جس سے دلبرداشتہ ہوکر کل رات خاتون نے خودکشی کرلی۔ مشیرآباد پولیس کے مطابق 40 سالہ ممتا جورام نگر علاقہ کے ساکن سرینواس راؤ کی بیوی تھی، یہ خاتون خاندانی جھگڑوں اور تنازعات سے پریشان تھی جس نے دلبرداشتہ ہوکر کل رات پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ گولکنڈہ پولیس کے مطابق 24 سالہ شراونی جو شیخ پیٹ درگاہ علاقہ کے ساکن انجنیلو کی بیوی تھی، یہ خاتون میاں بیوی کے درمیان جھگڑے سے پریشان تھی جس نے انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے اور مصروف تحقیقات ہے۔