مذہبی خبریں

   

درخت زمین کی رونق اور انسانوں کیلئے راحت ، حفاظت ضروری : حافظ صابر پاشاہ
حیدرآباد ۔ /21 اگست (پریس نوٹ) حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے شجرکاری مہم کے دوران کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیات کو بہتر بنانے کے لئے شجرکاری کی جارہی ہے ۔ یہ سب ترقی کا حصہ ہے جس مقام پر درخت زیادہ موجود ہوتے ہیں وہاں کے لوگ زیادہ صحت مند ہوتے ہیں ۔ درختوں کی موجودگی تناؤ اور ڈپریشن کو کم کرکے لوگوں کوذہنی و جسمانی طور پر صحت مند بناتی ہے جبکہ درختوں کے درمیان رہنے سے ان کی تخلیقی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے ۔ ہم بچپن میں اپنی کتابوں میں درختوں کے بہت سے فوائد پڑھے ہیں ۔ ان کا سب سے بڑا فائدہ تو یہ ہے کہ یہ ہمیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں جو سانس لینے کے لئے ضروری ہے اس کے علاوہ یہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کرکے ماحول کو خوشگوار بناتے ہیں ۔ یہ انسانوں کو لکڑیاں اور کاغذ جبکہ جنگلی حیات کو رہائش فراہم کرتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے درختوں کو زمین کی زینت قرار دیا ہے ۔ سورۃ الکہف میں ارشاد بارلی تعالیٰ ہے ۔ روئے زمین پر جو کچھ ہے (حیوانات ، نباتات ، جمادات وغیرہ) اسے ہم نے زمین کے لئے رونق بنادیا ہے ۔ آیات بالا میں درختوں کے فوائد ذکر کئے گئے کہ ان سے جانوروں کو غذا حاصل ہوتی ہے اور ان کے پھلوں اور غلہ سے انسان بھی اپنی غذائی ضروریات کی تکمیل کرتے ہیں ۔

محفل حلقہ ذکر اللہ
حیدرآباد ۔ /21 اگست (راست) محمد عبدالرزاق شاہ قادری جنیدی کے بموجب ہفتہ واری محفل حلقہ ذکر اللہ بارگاہ حضرت سید عبداللہ شاہ ولی قادریؒ /22 اگست کو بعد نماز عشاء آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن شاہ علی بنڈہ ہری باؤلی موڑ میں زیرنگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل منعقد ہوگی ۔ پروگرام کے مطابق بعد عشاء محفل درود شریف و نعت و منقبت بعد ازاں مولانا حافظ محمد عزت اللہ شاہ قادری سہیل پاشاہ خطاب کریں گے ۔ ذکر جہری دعاء و سلام پر محفل کا اختتام عمل میں آئے گا ۔
ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ /21 اگست (راست) ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیراہتمام محفل ختم دلائل الخیرات (درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیرنگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کیلئے پردہ کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور ’’جماعت ابوالفداء‘‘ کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ /21 اگست (راست) خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج ’’محفل ذکر و درود شریف ‘‘ /22 اگست بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔