مذہبی خبریں

   

درس قرآن مجید و تفسیر
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : مرکزی مجلس فیضان ملتانیہ کے زیر اہتمام محفل درس قرآن مجید و تفسیر زیر نگرانی مولانا ابوالعارف شاہ سید شفیع اللہ حسینی القادری جامع مسجد ابراہیمی باغ رنگ روڈ بروز شنبہ بعد نماز مغرب مقرر ہے ۔ محفل کا آغاز قرات کلام پاک و نعت شریف سے ہوگا ۔ بعد ازاں مولانا شاہ سید وحید اللہ حسینی القادری درس قرآن مجید دیں گے اور تفسیر بیان کریں گے ۔ محفل کا اختتام سلام بحضور سرور کونینؐ پر ہوگا ۔۔

درس عرفان القرآن و محفل نعت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : درس تفسیر عرفان القرآن و درس حدیث منہاج السوی 29 جون کو ادارہ منہاج القرآن روبرو درگاہ حضرت امر اللہ شاہؒ ، مغل پورہ میں بعد نماز مغرب زیر سرپرستی جناب سید حیات اللہ قادری و زیر نگرانی محمد شفیع الدین قادری مقرر ہے ۔ بعد درس ممبران منہاج القرآن یوتھ لیگ دف پر نعت شریف پیش کریں گے ۔۔

ہفتہ واری خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : انتظامی کمیٹی مسجد اللہ بنڈہ کے زیر اہتمام اتوار بعد نماز ظہر قرآن و حدیث کی روشنی میں مولانا سید شاہ مقبول احمد قادری نظامی کا اصلاح معاشرہ پر خطاب ہوگا ۔ ظہر 2 بجے مقرر ہے ۔۔

شریعت انفارمیشن سرویس کی نشست
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : کانفرنس ہال جامع مسجد عالیہ سانچہ توپ ، گن فاونڈری میں 29 جون بعد نماز عصر 5-15 ساعت شریعت انفارمیشن سرویس کی نشست منعقد ہوگی ۔ نجم الدین اربکان (ترکی ) ایک عظیم اسلامی قائد پر جناب ایاز الشیخ مخاطب کریں گے ۔۔

دینی مدارس سے قوم و ملت کے تشخص کی برقراری : حافظ صابر پاشاہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : مدرسہ کی بنیاد سب سے پہلے صفہ نبویؐ سے شروع ہوتی ہے جس میں صحابہ کرام ؓ نے آپ ؐ کی صحبت میں رہ کر بہت سے علوم و فنون سیکھا ، اور آپ ؐ سے درس لیتے رہے ۔ آپؐ کے بعد آپ کے صحابہ ؓ نے اس تسلسل کو باقی رکھا پھر آپ کے بعد تابعین نے پھر تبع تابعین اور بعد کے علماء نے اس کار خیر کا خاص اہتمام و التزام کیا ۔ اسی صفہ نبویؐ کا ثمرہ ہے کہ آج پوری دنیا میں علماء کی ایک بہت بڑی تعداد پائی جارہی ہے ۔ اللہ تعالیٰ جس طرح نظام کائنات اور ومافیھا کی جملہ باگ دوڑ کو سنبھالے ہوئے ہے ۔ اسی طرح اس نے اپنے آخری دین اور قرآن کی حفاظت کے لیے مختلف ذرائع پیدا کر رکھے ہیں ۔ منجملہ ان میں سے ایک علماء و حفاظ بھی ہیں تاکہ وہ شریعت کا ادراک و عرفان حاصل کر کے امت کو اس سے روشناس کراسکیں ۔ علماء مدارس اسلامیہ کا نظام قائم کرتے رہے ہیں ۔ مدارس دراصل اسلام کے قلعے ہیں جہاں دینی علوم کی حفاظت کی جاتی ہے اور قوم و ملت کے تشخص کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ مدارس ملت اسلامیہ کے دھڑکتے دل ہیں جس میں اخلاق سنورتے ہیں ۔ روحانیت کے سرچشمے پھوٹتے ہیں جہاں مردہ دلوں کو زندگی اور علم کے پیاسوں کو سیرابی ملتی ہے ۔ انسان کے افکار و تخیلات کو صحیح رہنمائی و فکر دی جاتی ہے اور اسلاف کی قربانیوں کو اجاگر کیا جاتا ہے ان خیالات کا اظہار مسجد حج ہاوز میں حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے دوران خطبہ جمعہ کیا ۔۔

اجتماع عام جماعت اسلامی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی کا اجتماع عام ہفتہ 29 جون کو مسجد اسلامک سنٹر ٹولی چوکی سات گنبد روڈ بعد نماز فجر منعقد ہوگا ۔ مولانا محمد یوسف اصلاحی درس قرآن مجید و فرقان الحمید پیش کریں گے ۔۔