مذہبی خبریں

   

باطن کی تربیت و اصلاح کا کام ہی خانقاہی تعلیمات کا خلاصہ
عالمی سمینار سے مولانا سید اسرار حسین رضوی ،
مفتی سید شاہ ضیا الدین نقشبندی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : حضرت سید شاہ رضا علی رضوی المدنی و حضرت سیدنا امر اللہ شاہ ؒ مغل پورہ کے اعراس مبارک کے موقع پر آستانہ عالیہ رضویہ موسومہ درگاہ حضرت امر اللہ شاہ مغل پورہ میں چار اجلاس منعقد ہوئے ۔ زنانی مجلس جلسہ حسن قرات ، علمی سمینار ، نعتیہ و منقبتی مشاعرہ ۔ علمی مذاکرہ سے افتتاحی کلمات سے مولانا سید شاہ اسرار حسین رضوی المدنی نے کہا کہ اولیاء کرام اپنی ساری زندگی توحید و رسالت کے پیغام اور فروغ اسلام میں گذاری ، جن کی ہر سانس یاد الہی میں مصروف اور خدمت خلق میں گذرتی ۔ علم ظاہری کے بغیر علم باطنی ناممکن ہے ۔ مدارس میں علم ظاہری کا سبق سکھایا جاتا ہے اور قلب کی صفائی اور علم باطنی کے لیے خانقاہوں سے رجوع ہونا بے حد ضروری ہے ۔ جامعہ نظامیہ علماء کا بھی مرکز ہے اور اولیاء کرام کا بھی ۔ جہاں پر طلباء کے سینوں کو عشق الہٰی اور عشق محمدیؐ سے روشن کیا جاتا ہے ۔ مولانا اسرار حسین رضوی نے حضرت مولانا طاہر رضوی القادری ؒ ، مولانا شاہ محمد خوجہ شریف ؒ و دیگر شیوخین پر اپنے خطاب میں بہترین روشنی ڈالی ۔ مفتی سید شاہ ضیا الدین نقشبندی القادری نے کہا کہ باطن کی تربیت و اصلاح کا کام ہی خانقاہوں میں ہوتا ہے ۔ خانقاہی تعلیمات میں قلب کی پاکیزگی پر زیادہ زور دیا جاتا ہے ۔ خانقاہ رضویہ میں تربیت اور اخلاق کا عظیم الشان فریضہ انجام دیا جاتا ہے ۔ خانقاہ کے دروازے بلالحاظ مذہب و ملت سب کے لیے کھلے رہتے ہیں ۔ خانقاہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں سماج کے ہر طبقہ کے لوگ آکر ملتے ہیں اور ایک دوسرے کا دکھ درد بانٹتے ، محبت و بھائی چارہ ، روا داری ، اور درد مندی کا سبق سیکھتے ہیں ۔ مولانا مفتی شاہ محمد فصیح الدین نظامی نے کہا کہ نماز مومن کا ہتھیار ہے اور رب العالمین سے مانگنے کا وسیلہ بھی ۔ نماز اور قرآن مجید کی تلاوت ہی مسلمانوں کی پہچان ہے ۔ سید شاہ طالب حسین رضوی نے کہا کہ بندہ کے دل میں خوف خدا ہو اسے دنیا کی کوئی طاقت ہاتھ نہیں لگا سکتی ۔ انہوں نے پیر طریقت حضرت سید شاہ تجمل حسین رضوی کی خدمات پر روشنی ڈالی ۔ قراء کرام میں شرکت کرنے والوں میں مولانا حافظ و قاری محمد رضوان قریشی ، قاری عبدالعلی صدیقی ، قاری یاور علی جنید ، قاری مسیح الدین غوری ، قاری انیس احمد قادری ، قاری صلاح الدین جاوید ، حافظ و قاری شیخ معین الدین عامری ۔ شعراء کرام میں جناب فاروق عارفی ، محمد عبدالقیوم علیم ، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری ، لطیف الدین ، محمد افضل عارفی ، یوسف روش ، سید سمیع اللہ حسینی ، محمد شبیر علی خاں ، حافظ و قاری شمس الدین زماں ، سہیل عظیم ، بیگ نظامی ، سید فرید احمد قادری مہمانان خصوصی میں ڈاکٹر مخدوم محی الدین ، مولانا سید احمد نور اللہ حسینی ، محسن بلعلہ ، ریاض آفندی ، مرتضی علی ، سید منہاج علی ، واجد علی ، سید حامد پاشاہ قادری الجیلانی ، سید شاہ لیاقت حسین رضوی المدنی ( نامزد جانشین ) نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔۔

اللہ و رسولؐ کی اطاعت اور رو گردانی سے سخت خسارہ
مولانا قاری محمد مبشر احمد رضوی القادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : ماہانہ مجلس فاتحہ حضرت سید عبدالرحمن بڑے بغدادیؒ حضرت سید محمد قادری بغدادیؒ اور حضرت سید عبدالکریم بغدادی ؒ واقع خطہ صالحین نامپلی میں منعقدہ ’ مجلس وعظ ‘ کے اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا قاری محمد مبشر احمد رضوی القادری نے کہا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے حضور اقدس ﷺ سے اللہ تعالی کا پتہ دریافت کیا تو آپ نے ارشاد فرمایا کہ ہمارا رب تمہاری شہ رگ سے زیادہ قریب ہے ۔ اس جواب رسولﷺ سے ہمیں یہ معلوم ہوا کہ مصطفی جان رحمت ﷺ خدا کا پتہ بتانے والے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ انہیں عالم ماکان و مایکون بتاکر مبعوث فرمایا اور آپ کائنات کی ہر شئے کی خبر رکھتے ہیں ۔ آپ کی ذات اطہر سے کوئی چیز پوشیدہ نہیں چنانچہ بارگاہ رسالت ﷺ میں ایک عورت حاضر ہوئی اُس نے کہا کہ میرے لڑکے کا انتقال ہوگیا ہے ۔ اگر وہ جنت میں ہے ۔ میں اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاؤں گی اور اگر وہ جہنم میں ہے تو میں اس کی مغفرت کی دعا کروں گی چنانچہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا تیرا بیٹا جنت الفردوس میں ہے تو اب مطمئن ہوجا ۔ اس طرح جنگ موتہ جو ملک شام میں لڑی گئی جب کہ حضور اقدس ﷺ مدینہ منورہ میں تشریف فرما ہیں ۔ آپ نے ارشاد فرمایا کہ اس جنگ میں حضرت جعفرؓ نے شہادت کا جام پیا ہے اور اللہ تعالیٰ نے انہیں دو ’ پر ‘ عطا فرمائے ہیں اور وہ جنت میں اڑتے نظر آرہے ہیں ۔ آپ نے انہیں جعفر طیار کہہ کر یاد فرمایا ہے ۔ سرپرستی مولانا سید محمد حسینی رفاعی القادری قبلہ نقیب روضہ رحمانیہ نے کی ۔ مولانا حافظ محمد افتخار الدین سبحانی نے کہا کہ جو لوگ اللہ و رسول کی اطاعت سے روگردانی کرتے ہیں دنیا و آخرت میں ذلت و رسوائی ان کا مقدر بن جاتی ہے ۔ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ مر رہے ہیں یہ عتاب الہی ہے ۔ اس کے برخلاف یہ اللہ کا فضل و کرم ہے کہ ہماری ریاست تلنگانہ اس وباء سے بالکل محفوظ ہے ۔ ہمیں ہر وقت اپنے مولا کا شکر گذار بننا چاہئے ۔ نعت و منقبت و شجرہ خوانی و صلوۃ و سلام پر یہ نورانی محفل اختتام پذیر ہوئی ۔۔

محفل حلقہ ذکر اللہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : محمد عبدالرزاق شاہ قادری جنیدی کے بموجب محفل حلقہ ذکر اللہ بارگاہ حضرت الحاج حافظ سید عبداللہ شاہ ولی قادری بروز جمعرات بعد نماز عشاء آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن شاہ علی بنڈہ ہری باولی موڑ میں زیر نگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا منعقد ہوگی ۔ بعد عشاء محفل درود شریف و نعت و منقبت بعد ازاں مولانا محمد عزت اللہ شاہ قادری سہیل پاشاہ خطاب کریں گے ۔ ذکر جہری دعا و سلام پر محفل کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

جلسہ اصلاح معاشرہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : مولانا سید عباد بن ذکی القاسمی کے بموجب 20 فروری بعد نماز ظہر مسجد صراط مستقیم آزاد نگر عنبر پیٹ میں زیر صدارت حافظ محمد غوث رشیدی جلسہ اصلاح معاشرہ بعنوان ’ موجودہ دور میں فتنوں سے کیسے بچیں ‘ منعقد ہے ۔ مولانا ارشد علی قاسمی مخاطب کریں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

جشن حضرت فاطمۃ الزہرا خاتون جنت ؓ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : کل ہند مجلس فیضان مصطفی ؐ کے زیر اہتمام جشن حضرت فاطمتہ الزہرا خاتون جنت ؓ 20 فروری کو بعد نماز مغرب اردو گھر مغل پورہ میں حافظ محمد عثمان نقشبندی کی نگرانی میں مقرر ہے ۔ مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین ، مفتیہ تہمینہ تحسین ، مفتیہ شکیلہ کوثر ، مفتیہ محسن ناز ، مفتیہ سیما ناز ، عالمہ عظمی سلطانہ ، مفتیہ ثمرین بیگم مخاطب کریں گے ۔۔

ختم دلائل الخیرات و ختم خواجگان نقشبند
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام ختم دلائل الخیرات ذکر و مراقبہ و ختم خواجگان نقشبند بروز جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی بندہ نوازیؒ شکر گنج مقرر ہے ۔ نگرانی جناب محمد عبدالرحیم نقشبندی کریں گے ۔ مولانا محمد مختار خان نقشبندی و حفاظ محمد عبدالباسط خاں نقشبندی تلاوت قصیدہ بردہ و ختم خواجگان کرینگے ۔۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج محفل ذکر و درود شریف بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی الحاج خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقرر ہے ۔۔